خانگی ہاسپٹل میں ملازمہ کی عصمت ریزی

   


وارڈ بوائے کے خلاف مقدمہ، ملک پیٹ پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد ۔ 24 ستمبر (سیاست نیوز) ملک پیٹ کے ایک خانگی ہاسپٹل میں خاتون ملازمہ کی عصمت ریزی کا واقعہ پیش آیا۔ نائیٹ ڈیوٹی کے دوران ہاؤز کیپنگ ملازمہ پر زیادتی کرتے ہوئے ہاسپٹل کے وارڈ بوائے نے عصمت ریزی کردی۔ تاخیر سے منظرعام پر آئے اس واقعہ کے خلاف ملک پیٹ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ تاہم خاطی وارڈ بوائے جس کی شناخت کرلی گئی ہے، مفرور بتایا گیا ہے۔ متاثرہ خاتون نے وارڈ بوائے کی دھمکیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے پولیس میں شکایت کردی۔ 43 سالہ خاتون عنبرپیٹ علی کیف علاقہ میں رہتی ہے۔ گذشتہ دو سال سے یہ خاتون دلسکھ نگر کے ایک ہاسپٹل میں ہاؤزکیپنگ ملازمہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہے۔ گذشتہ روز 21 ستمبر کی رات خاتون کی نائیٹ ڈیوٹی مقرر کی گئی۔ رات 9 بجے خاتون ہاسپٹل پہنچی اور عمارت کی دوسری منزل پر کمرے کی صفائی کیلئے پہنچی۔ اس ہاسپٹل میں وارڈ بوائے کی حیثیت سے کام کرنے والا 26 سالہ نوجوان ماروتی سندیپ اس خاتون کے انتظار میں تھا جیسے ہی وہ دوسری منزل پر پہنچی وارڈ بوائے بھی اس کے پیچھے چلا گیا اور کمرے کا دروازہ بند کرتے ہوئے خاتون کے ساتھ زبردستی کی۔ خاتون جب اس کے چنگل سے فرار ہونے کی کوشش میں تھی، اس نے خاتون کو سر کے بال پکڑتے ہوئے جکڑ لیا اور اس کی عصمت ریزی کی۔ پولیس نے ماروتی سندیپ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جو پراناپل علاقہ کا ساکن اور جگتیال کا متوطن بتایا گیا ہے۔ پولیس ملک پیٹ مصروف تحقیقات ہے۔ع