خشخش کا بھونسہ فروخت کرنے والا راجستھان کا شہری گرفتار

   

حیدرآباد /23 جولائی (سیاست نیوز) رچہ کونڈہ کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے آج بین ریاستی منشیات ریاکٹ کو بے نقاب کرکے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ 33 سالہ رمیش کمار ساکن ناگول ایل بی نگر جس کا تعلق باڑمیر راجستھان سے ہے روزگار کی تلاش میں 10 سال قبل شہر آیا تھا اور ایل بی نگر میں اسٹیل ریلنگ کا کام کررہا تھا ۔ معاشی تنگی کے باعث رمیش نے راجستھان کے اپنے ساتھی چنا رام کی مدد سے خشخش کا بھونسہ حاصل کرکے اسے شہر میں فروخت کرنے لگا ۔ پولیس نے بتایا کہ رمیش کمار چنارام سے 50 ہزار روپئے فی کیلو خشخش کا بھونسہ خرید کر اسے 4 لاکھ روپئے میں فروخت کیا کرتا تھا ۔ گرائنڈر کے ذریعہ خشخش کے بھونسے کو پاؤڈر بناکر خواہشمند گاہکوں کو فروخت کیا کرتا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ خشخش کے بھونسہ سے منشیات تیار کررہا تھا اور یہ کاروبار غیرقانونی ہے کیونکہ منشیات قوانین کے تحت خشخش کا بڑے پیمانے پر کاروبار یا خشخش کا بھونسہ فروخت کرنا غیرقانونی ہے ۔ ایل بی نگر زون ایس او ٹی نے رمیش کمار کو چیتنیہ پوری میں گرفتار کرلیا اور اس کے مکان کی تلاشی لینے پر 4.2 کیلو خشخش کا بھونسہ برآمد ہوا ۔ گرفتار ملزم کو ضبط شدہ منشیات کے ساتھ جس کی مالیت 15 لاکھ بتائی جاتی ہے چیتنیہ پوری پولیس کے حوالے کردیا ۔