سنگاریڈی میں نماز استسقاء و دعاؤں کا خصوصی اہتمام ، حافظ عبدالرزاق کا خطاب
سنگاریڈی۔19 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنگاریڈی اور اطراف کے علاقوں میں بارش نہ ہونے کے باعث خشک سالی کی صورتحال پیدا ہورہی ہے۔ بارانِ رحمت میں تاخیر کے سبب عوام، کسانوں اور زرعی شعبہ سے وابستہ افراد میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ اس پس منظر میں بارانِ رحمت کے نزول اور خشک سالی کے خاتمے کے لیے محبوب ساگر کے دامن میں کلواکنٹہ روڈ پر واقع گنڈی میں نمازِ استسقاء کا اہتمام کیا گیا۔ نمازِ استسقاء حافظ و قاری محمد عبدالرزاق صاحب کی امامت میں ادا کی گئی۔ نماز کے بعد علماء کرام اور شرکاء نے انتہائی عاجزی و انکساری کے ساتھ توبہ و استغفار کیا اور اللہ تعالیٰ کے حضور گڑگڑا کر بارانِ رحمت کے لیے رقت انگیز دعا کی۔ نمازِ استسقاء کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے حافظ و قاری عبدالرزاق صاحب نے کہا کہ بارش اللہ کی عظیم نعمت ہے اور جب بارانِ رحمت میں تاخیر ہو تو بندوں کو چاہیے کہ وہ اپنے رب کے حضور رجوع کریں، توبہ و استغفار کریں اور عاجزی کے ساتھ دعا کریں۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ نمازوں کی پابندی کے ساتھ کثرت سے استغفار کریں اور بارانِ رحمت کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔ اس موقع پر متحدہ اہلِ سنت والجماعت سنگاریڈی کے صدر مولانا شاہ محمد طاہر حسین شاہ نوری، حافظ شیخ شفیع وائس چیئرمین بلدیہ، محمد انور، محمد نواز اراکینِ بلدیہ، فیض باوزیر نمائندہ کونسلر، حافظ محمد اکرم نواز خان، عبدالرؤف، محمد قطب الدین، محمد خواجہ سابق کونسلر، عامر، پرویز کے علاوہ مسلمانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ نمازِ استسقاء کے انتظامات کی نگرانی شیخ باوزیر نمائندہ کونسلر نے کی۔ شرکاء نے اللہ سے دعا کی کہ وہ اپنے فضل و کرم سے سنگاریڈی اور اطراف کے علاقوں میں جلد بارانِ رحمت نازل فرمائے، خشک سالی کا خاتمہ کرے اور عوام و کسانوں کو راحت عطا فرمائے۔