ٹورنٹو، 17 جون (یو این آئی) کینیڈا اور نیدرلینڈز کے درمیان آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کے تحت کھیلا جانے والا ون ڈے میچ پچ کے غیر معمولی اور خطرناک اچھال کے باعث صرف 4.1اوورز کے بعد منسوخ کر دیا گیا۔نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، لیکن پچ پر غیر متوازن اچھال کے سبب گیند بار بار بیٹرس کے جسم سے ٹکرا رہی تھی، جس کے باعث میچ حکام نے کھلاڑیوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے مقابلہ روک دیا۔ اس وقت نیدرلینڈز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 15رنز بنائے تھے جبکہ میکس او ڈاؤڈ صفر پر آؤٹ ہو چکے تھے ۔یہ ٹورنمنٹ 2027 ونڈے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفکیشن نظام کا حصہ ہے ۔قابل ذکر ہے کہ اسی میدان پر 8 جون کو امریکہ اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلے گئے میچ کی پچ کو بھی آئی سی سی نے 12 جون کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ دیا تھا۔