خطے کے ممالک کے استحکام کیلئےپُر امید ہوں: سعودی وزیر خارجہ

   

ریاض: سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے العربیہ اور الحدث سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت خطے کے ممالک کے استحکام اور سلامتی کے حوالے سے زیادہ پر امید ہے۔شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ مملکت کا وڑن خطے میں ترقی، تعمیر نو اور استحکام کی طرف بڑھنا ہے بدامنی کی طرف نہیں۔انہوں نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ یورپی یونین کی راہداریوں میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کیلئے بات چیت ہو رہی ہے۔ یہ بہت مثبت معاملہ ہے اور ہم اس حوالے سے مثبت پیشرفت کیلئے پرامید ہیں۔وزیر خارجہ کا یہ بیان خلیج تعاون کونسل کے ممالک اور یورپی یونین کے درمیان سلامتی اور علاقائی تعاون پر اعلیٰ سطحی فورم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے موقع پر سامنے آئے، جو لکسمبرگ کے گرینڈ ڈچی میں منعقد ہوا۔شہزادہ فیصل بن فرحان نے خلیجی ریاستوں اور یورپی یونین کے درمیان سکیورٹی اور اسٹریٹجک تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ امن، سلامتی اور پائیدار ترقی کے حصول کیلئے مشترکہ سفارتی کوششیں تیز کرنے پر بات چیت کی۔فورم نے غزہ کی پٹی اور اس کے گردونواح میں ہونے والی پیش رفت، فوری جنگ بندی تک پہنچنے کی اہمیت، فلسطینی عوام کو مزید انسانی اور امدادد پہنچانے اور دو ریاستی حل پر عملدرآمد اور استحکام اور سلامتی کے حصول کیلئے امن عمل کو دوبارہ شروع کرنے پر بھی بات کی۔