آثار قدیمہ کی شکایت کے باوجود ایف آئی کیوں درج نہیںکیا گیا ، حکومت سے سوال
حیدرآباد : 11 مئی ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر ٹی ہریش راؤ نے ریونت ریڈی حکومت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ مندر کے نیچے چھپا خفیہ خزانہ حاصل کرنے کیلئے ورنگل کی 800 سالہ قدیم مندر کو منہدم کیا گیا ہے ۔ ورنگل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انٹیگریٹیڈ اسکول کی تعمیر محض ایک بہانہ ہے ۔ ہریش راؤ نے حکومت کی نیت پر سوال اُٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر واقعی وہاں اسکول تعمیر کرنا تھا تو مندر کو منہدم کرنے کیلئے آدھی رات کا وقت کیوں چنا گیا ؟ ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ مندر کے مقدس مقام گربھاگڑی کے بالکل نیچے 24 فیٹ گہرا گڑھا کیوں کھودا گیا ، یہ کھدائی بالکل اسی جگہ کیوں کی گئی جہاں مورتی نصب تھی ؟ ۔ شبہ ہے خفیہ خزانے کی تلاش میں اس قدیم و تاریخی ورثے کو تباہ کیا گیا ہے ۔ ہریش راؤ نے الزام لگایا کہ محکمہ آثار قدیم کی جانب سے باضابطہ شکایت درج کروانے کے باوجود اب تک پولیس نے کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی جو اس معاملہ میں کسی بڑی سیاسی سازش کی طرف اشارہ کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس دور میں کاکتیہ خاندان کی عظمت کو بحال کیا گیا تھا جبکہ موجودہ کانگریس حکومت اس تاریخی عظمت کو مٹانے پر تلی ہوئی ہے ۔ 2 m/b