نیویارک: امریکہ میں کورٹ آف اپیل نے خفیہ دستاویزات سے متعلق مقدمہ میں منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف اقدامات روک دیے ہیں۔ یہ فیصلہ امریکہ کے محکمہ انصاف کے خصوصی قانونی مشیر جیک اسمتھ کی درخواست پر کیا گیا۔اسی طرح کا اقدام گذشتہ ہفتہ اس وفاقی مقدمہ میں بھی سامنے آیا تھا جس میں سابق صدر ٹرمپ کے خلاف 2020 کے انتخابات میں نتائج تبدیل کرنے کی سازش کے الزام کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد اس “غیر معمولی صورت حال” کا تجزیہ کرنے کیلئے وقت حاصل کرنا ہے جو ٹرمپ کے دوبارہ انتخاب کے نتیجے میں پیدا ہو گئی ہے۔جیک اسمتھ نے چہارشنبہ کے روز فیڈرل کورٹ آف اپیل کو بتایا کہ وہ تجزیے کے بعد اپنے نتائج 2 دسمبر کو پیش کریں گے۔واضح رہے کہ امریکہ میں وزارت انصاف گذشتہ 50 برس سے زیادہ عرصہ سے موجودہ صدر کے خلاف قانونی کارروائی نہ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔اکثر تبصرہ نگار اس پالیسی کو وسیع کرنے کی توقع رکھتے ہیں تا کہ ٹرمپ کے کیس کو اس میں شامل کیا جا سکے۔ اس طرح وہ اپنی نئی میعاد صدارت کے اختتام تک اپنے خلاف قانونی چارہ جوئی سے بچ سکیں گے۔ وائٹ ہاؤس میں واپس آتے ہی ٹرمپ وزارت انصاف کو اپنے خلاف عائد الزامات ختم کرنے کے احکامات جاری کر سکتے ہیں۔