خواتین کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے کی کوشش

   

سنگاریڈی میں ضلع خواتین فیڈریشن کا اجلاس، ڈی آر ڈی او این اوما پارتی کا خطاب
سنگاریڈی 5 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنگاریڈی ضلع خواتین فیڈریشن کا 110واں اجلاس ضلع فیڈریشن کی صدر یوگیشوری کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی آر ڈی او این اما ہارتی آئی اے ایس نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے خواتین کو بچت گروپس تک محدود رہنے کے بجائے کامیاب کاروباری شخصیات بننے کا مشورہ دیا۔این اما ہارتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین بچت گروپس کو محض قرض کی تقسیم کے مراکز کے بجائے کاروباری سرگرمیوں کے اہم مراکز میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ ہر منڈل فیڈریشن کو آمدنی حاصل کرنے والے نئے پروگرام شروع کرنے چاہئیں تاکہ خواتین معاشی طور پر خود کفیل بن سکیں۔ انہوں نے تیقن دیا کہ خواتین کو کاروباری میدان میں آگے بڑھانے کے لیے ضروری تربیت اور سرمایہ کاری میں تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے آئندہ ماہ منعقد ہونے والے اجلاس میں ہر منڈل فیڈریشن کو کاروباری سرگرمیوں سے متعلق تجاویز اور منصوبوں کے ساتھ شرکت کرنے کی ہدایت دی اور اس سلسلے میں ڈی پی ایم عہدیداروں کو خصوصی ذمہ داری ادا کرنے کا مشورہ دیا۔انہوں نے تمام منڈل فیڈریشنوں میں منظورہ عمارتوں کی تعمیر جلد مکمل کرنے کے لیے ایم آر او اور ایم پی ڈی او عہدیداروں کے ساتھ تال میل پیدا کرنے کی بھی ہدایت دی۔ایل نینو کے ممکنہ اثرات کے پیش نظر انہوں نے وی بی جی رام جی اسکیم کے تحت ہر فرد کو بارش کے پانی کے تحفظ کے لیے سوک پٹ (انکڈو گنٹالو) تعمیر کرنے اور جہاں موقع دستیاب ہو وہاں آبی ذخائر و تالاب قائم کرنے کا مشورہ دیا۔اجلاس میں ڈی پی ایم عہدیداروں نے سی آر پی اور سی آر ڈی پروگراموں پر عمل آوری کے سلسلے میں شرکاء کو واقف کروایا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی آر ڈی او، ضلع کے تمام 23 منڈلوں کی 23 خواتین فیڈریشنوں کی صدور اور ڈی پی ایم عہدیداروں نے شرکت کی۔