خواتین کیلئے آئی پی ایل جیسے ٹورنمنٹ پر غور:راجیوشکلا

   

سہارنپور۔23 سمتبر (سیاست ڈاٹ کام ) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے چیئرمین راجیو شکلا نے کہا ہے کہ خاتون آئی پی ایل میچ شروع کرنے جانے پر بھی غورہورہا ہے۔ شکلا نے یہاں ایک کرکٹ اکیڈمی کے افتتاح کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے کہا کہ خاتون آئی پی ایل میچ شروع کروائے جانے پر بھی غور ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی سبکدوش نہیں ہورہے ہیں۔ انتخاب کا کام سلیکشن کمیٹی کرتی ہے اور دھونی اپنی ذاتی مصروفیات کی وجہ سے دستیاب نہیں تھے۔ لہذا وہ کھیل نہیں رہے ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ جلد ہی دھونی ملک کے لئے کھیلنے کو دستیاب ہوں گے اور انہیں ٹیم میں منتخب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے بہترین وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کا ابھی بہت کرکٹ بچی ہے۔ وہ ہندوستان کے لئے آگے بھی کھیلیں گے۔ انہوں نے کپتان ویراٹ کوہلی اور اوپنر روہت شرما کے درمیان اختلافات سے بھی انکارکرتے ہوئے کہا کہ ایسی خبریں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔ اتر پردیش میں سہارنپور کے گیان کلش انٹرنیشنل اسکول میں کرکٹ اکیڈمی قائم کی گئی ہے۔ سہارنپور اور مغربی اتر پردیش میں ابھرتے ہوئے کرکٹ نوجوان کھلاڑیوں کو اس اکیڈمی کے ذریعے تربیت اور کیریئر بنانے کا سنہری موقع ملے گا۔