خواتین کی ترقی کے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں

   

عالمی یوم خواتین پر گورنر سوندرا راجن اور چیف منسٹر کے سی آر کے پیامات
حیدرآباد۔/7 مارچ، ( سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر اپنے پیامات میں خواتین کو مبارکباد پیش کی۔ گورنر نے اپنے پیام میں کہا کہ تلنگانہ کی تہذیب، ثقافت اور روایات صدیوں قدیم ہیں اور خواتین کا احترام کو بھگوان کی شکتی مانا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ جنسی مساوات پر عمل کیا جائے اور خواتین کو فیصلہ سازی اور دیگر اہم شعبہ جات میں نمائندگی دی جائے۔ عالمی یوم خواتین سماج کے ہر شعبہ میں خواتین کی کامیابی اور ان کی مناسب حصہ داری کو یقینی بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ گورنر نے کہا کہ عالمی یوم خواتین کے موقع پر ہم اس بات کا عہد کریں کہ خواتین کو ہر شعبہ میں ترقی کے مواقع فراہم کریں گے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے اپنے پیام میں کہا کہ ملک کی ترقی خواتین کی ترقی کے ذریعہ ممکن ہے۔ خواتین سماج کا اہم حصہ ہیں۔ کے سی آر نے کہا کہ خواتین نے ہر شعبہ میں مَردوں کے برابر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ ’ یوم خواتین‘ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے چیف منسٹر نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے شروع کی گئی مختلف اسکیمات کا حوالہ دیا۔ حکومت نے یوم خواتین کے موقع پر خاتون ملازمین کو خصوصی تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ تلنگانہ ریاست ملک میں خواتین کی بھلائی کے اقدامات میں نمایاں حیثیت رکھتی ہے۔ خواتین کے علاوہ بچوں کی دیکھ بھال کیلئے اسکیمات شروع کی گئیں جن میں کے سی آر کٹ، کے سی آر نیوٹریشن کٹ، اماں اوڈی، آسرا پنشن، کلیان لکشمی اور دیگر اسکیمات شامل ہیں۔ انہوں نے آنگن واڑی ورکرس کی تنخواہوں میں اضافہ اور بتکماں تہوار کے موقع پر ہر سال خواتین میں ملبوسات کی تقسیم کا حوالہ دیا۔ر