خود کو خاتون کا میک اپ کرکے پیش کرنے والے نوجوان کی خودکشی

   

اجین : سوشل میڈیا پوسٹ پر منفی تبصروں کے بعد 16 سالہ نوجوان میک اپ آرٹسٹ نے خودکشی کرلی۔ میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اجین سے تعلق رکھنے والا پرانشو نامی میک اپ آرٹسٹ انسٹاگرام پر کافی مقبول تھا جہاں وہ بیوٹی اور میک اپ کی اپنی ویڈیوز پوسٹ کرتا تھا۔ہندو تہوار دیوالی کے موقع پر بھی پرانشو نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ٹرانزیشن ریل پوسٹ کی جس میں اْنہوں نے ساڑھی پہن کر خود کو خاتون کے روپ میں دِکھایا۔اس پوسٹ پر جہاں پرانشو کے مداحوں نے اْن کے میک اپ کی مہارت کی تعریف کی تو وہیں ہزاروں صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کی پوسٹ پر 4000 سے زائد منفی اور نفرت انگیز تبصرے کیے۔انسٹاگرام پوسٹ پر نفرت انگیز تبصروں نے 16 سالہ پرانشو کے دماغ پر اس قدر گہرا اثر ڈالا کہ انہوں نے صارفین کی نفرت نہ برداشت کرتے ہوئے خودکشی کرلی۔اس حوالے سے بھارتی اداکارہ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ پرانشو کو صارفین کے نفرت انگیز تبصروں نے خودکشی کے لیے اکسایا۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ پرانشو کی خودکشی کے پیچھے اصل وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے اور اس معاملہ کی تحقیقات جاری ہے۔ واضح رہے کہ پرانشو کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد 17 ہزار ہے جبکہ انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 301 پوسٹس کی تھیں۔