کابل: افغانستان میںشدید اور خون جما دینے والی سردی 20افراد کی جان لے گئی، لوگوں کو خوراک اور ایندھن کی کمی کا سامنا ہے،سردی کی تازہ لہر سے فصلوں کو نقصان پہنچا رہا ہے، 4 ہزار سے زائد مویشی بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔چند دنوں میں برفباری اور سرد موسم میں متعدد افراد کو طبی امداد کیلئے ہاسپٹل بھی منتقل کردیاگیا ہے، افغان محکمہ صحت کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں گزشتہ چند ہفتوں سے ہونے والی شدید برفباری اور سرد موسم میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 16 دیگر افراد کو فوری طبی امداد دی گئی۔ افغانستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ سخت سرد موسم سے متاثر ہونے والے صوبوں میں زابل، غزنی، ہرات، پنجشیر، لغمان، کنڑ، نورستان، پکتیا، غور، قندھار، بغلان، ننگرہار، کاپیسا، پروان اور بامیان شامل ہیں۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مزید کہا کہ برفباری اور بارش کی وجہ سے 21 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے اور 59 دیگر کو نقصان پہنچا ہے۔