داتا دربار حملہ کا سازشی گرفتار

   

لاہور، 21مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے شہر لاہور میں واقع ایشیا کے سب سے بڑے صوفی درگاہوں میں سے ایک داتا دربار’ کے باہر ہوئے دھماکے کے سازش کرنے والے کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ایک سینئر افسر نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کے سازشی چارسدہ علاقہ کے شب قدر رہائشی محسن خان، ولد بھرام خان کو گرفتار کیا ہے ۔محسن نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند کے رہائشی طیب اللہ عرف راکی نے افغان شہری صادق اللہ مہمند کے پہنچنے پر ان سے ملاقات کی تھی، جو 6مئی کو طورخم بارڈ کے ذریعے افغانستان سے پاکستان پہنچے تھے اور پھر انہیں لاہور پہنچایا تھا جہاں 8 مئی کو ہوئے بم دھماکے میں ایلیٹ فورسز کے 5 اہلکاروں سمیت 12 افراد جاں بحق ہوگئے تھے ۔عہدیدار نے بتایا کہ تفتیشں کاروں نے بمبار کی شناخت، دھماکا خیز مواد کی نوعیت اور مقدار سے متعلق تحقیقات کیلئے سائنسی بنیادوں پر جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کیے تھے ۔متاثرین، عینی شاہدین اور مشتبہ افراد کے انٹرویو لیے گئے تھے جبکہ تفتیش کاروں نے ڈیجیٹل فارنسک پر بھی توجہ مرکوز کی تھی۔محسن نے بتایا کہ 8مئی کی صبح کو طیب اللہ، خودکش بمبار کو دھماکے کے مقام سے قریبی جگہ پر لے کر گئے تھے۔