دارالشفاء تا فلک نما میٹرو ریل منصوبہ پر مذاکرات کا آغاز

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت کے بعد عہدیدار سرگرم عمل
حیدرآباد۔20۔ڈسمبر(سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی جانب سے پرانے شہر کے میٹرو ریل پراجکٹ کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کرنے کی ہدایات کے بعد حیدرآباد میٹرو ریل کے ذمہ داروں نے ایک مرتبہ پھر سے دارالشفاء تافلک نما راہداری پرمیٹرو ریل کے سلسلہ میں منصوبہ بندی پر عمل آوری کے متعلق مذاکرات شروع کردیئے ہیں۔ ریاستی اسمبلی انتخابات سے قبل سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بھی پرانے شہر میں میٹرو ریل کے کاموں کو شروع کرنے کی ہدایت دی تھی لیکن چند یوم کی سرگرمیوں کے بعد حیدرآباد میٹرو ریل حکام کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے عہدیداروں نے مکمل خاموشی اختیار کرلی تھی اور انتخابات سے عین قبل کسی بھی طرح کی کاروائی یا سنگ بنیاد تقریب کے انعقاد سے گریز کیا گیا تھا لیکن اب کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے شمس آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ تک میٹرو ریل کی خدمات براہ فلک نما شروع کرنے کی ہدایات کے ساتھ ہی متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں نے سرگرم مشاورت اور منصوبہ کی تیاری کا عمل شروع کردیا ہے ۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے عہدیداروں اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کے درمیان جاری مذاکرات میں کہاجا رہاہے کہ دارالشفاء تا فلک نما میٹرو ریل کے کاموں کے آغاز کے لئے جن جائیدادوں کے حصول کی نشاندہی کی گئی ہے ان جائیدادوں کے مالکین کو نوٹس کی اجرائی کے متعلق حیدرآباد میٹرو ریل نے جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں سے خواہش کی ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کی جانب سے جو تفصیلات انتخابات سے قبل حیدرآباد میٹروریل کو پیش کی گئی تھیں ان تفصیلات میں معمولی ترمیم کے ساتھ مذہبی مقامات اور دیگر معلومات بھی حوالہ کردی گئی ہیں۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے پاس موجود تفصیلات کے مطابق پرانے شہر حیدرآباد میں میٹروریل کے کاموں کے آغاز کے لئے جن جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی ہے ان کی جملہ تعداد 950سے زیادہ ہے اور اس 5.5کیلو میٹر کے حدود میں جملہ 103 مذہبی مقامات متاثر ہورہے ہیں اور اس سلسلہ میں ریاستی حکومت کو ابتدائی رپورٹ آئندہ دو یوم میں پیش کردی جائے گی تاکہ حکومت کی جانب سے احکامات وصول ہونے کے ساتھ ہی پرانے شہر میں میٹرو ریل کے کاموں کے آغاز کے لئے جائیدادوں کے حصول کا عمل شروع کیا جاسکے۔ میٹرو ریل کے عہدیداروں نے بتایا کہ جولائی 2023 کے دوران حکومت کی ہدایت کے بعد شروع کی گئی کاروائی کے دوران زمین اور مٹی کی جانچ کا جو عمل مکمل کیا گیا تھا اس کی رپورٹ بھی موصول ہوچکی ہے اور یہ رپورٹ کے علاوہ فضائی معائنہ کی رپورٹ بھی حکومت کو ابتدائی رپورٹ کے ساتھ پیش کردی جائے گی ۔م