وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور کا جائزہ اجلاس، 4 ایکر اراضی کے حصول میں دشواریوں کا انکشاف
حیدرآباد۔13۔ مئی (سیاست نیوز) درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے ترقیاتی منصوبہ پر عمل آوری کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبہ کیلئے درکار 4 ایکر اراضی کے حصول کی کارروائی جلد مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں ، پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم ، صدرنشین وقف بورڈ مسیح اللہ خاں ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ، کلکٹر رنگا ریڈی اموئے کمار اور دیگر عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی ۔ رکن اسمبلی شادنگر انجیا یادو کی موجودگی میں وزیر اقلیتی بہبود نے اراضی کے حصول میں دشواریوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے درگاہ شریف کی ترقی کے اقدامات کا اعلان کیا تھا جس پر تیزی سے عمل آوری کی ضرورت ہے۔ اراضی کے حصول میں دشواریوں کے نتیجہ میں توسیعی کاموں میں تاخیر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت درگاہ شریف میں زائرین کیلئے بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے علاوہ اطراف کے علاقہ کو سیاحتی مرکز کی طرح ترقی دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے تقریباً 3 گھنٹوں تک ترقیاتی منصوبہ کا جائزہ لیا اور اس میں ترمیمات کے لئے تجاویز حاصل کی۔ ترقیاتی منصوبہ کے تحت سڑکوں کی تعمیر ، سڑکوں کی توسیع ، بس اسٹانڈ ، واش رومس ، کاٹیجس اور دیگر تعمیرات کا منصوبہ ہے۔ عہدیداروں نے وزیر اقلیتی بہبود کو بتایا کہ کسانوں کی جانب سے اراضی حوالے کرنے کی دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ وزیر اقلیتی بہبود نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ کسانوں کو مناسب معاوضہ کی ادائیگی کے ذریعہ اراضی حاصل کریں۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے درگاہ جہانگیر پیراںؒ پر حاضری کے وقت 50 کروڑ روپئے سے ترقیاتی کاموں کا اعلان کیا تھا۔ درگاہ کے توسیعی کاموں کیلئے اطراف کی 4 ایکر اراضی حاصل کرنے کا منصوبہ ہے۔ تلنگانہ تشکیل کی تحریک کے دوران کے سی آر نے درگاہ شریف میں منت مانگی تھی اور ریاست کی تشکیل کے بعد انہوں نے حاضری دی اور ترقیاتی منصوبہ کا اعلان کیا۔ وقف بورڈ کی نگرانی میں اس منصوبہ پر عمل کیا جائے گا۔ وزیر اقلیتی بہبود نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ کاموں میں تیزی پیدا کریں۔ ضلع کلکٹر سے کہا گیا کہ وہ علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں سے بات چیت کریں۔ر