درگاہ حضرت نظام الدینؒ کے علمائے کرام کی ایل جی سکسینہ سے ملاقات

   

بنگلہ دیش میں اقلیتوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اظہار تشویش‘ مختلف تجاویزپر مشتمل یادداشت حوالے

نئی دہلی :درگاہ حضرت نظام الدینؒ اور بستی نظام الدین کے علماء کے ایک وفد نے کل یعنی سات دسمبر کو بنگلہ دیش کی موجودہ صورتحال کے بارے میں لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے بنگلہ دیش میں ہندوؤں کے خلاف ڈھائے جانے والے مظالم پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ سے ملاقات کے بعد وفد نے انہیں ایک یادداشت حوالے کی جس میں انہوں نے کچھ مطالبات پیش کئے۔ وفد نے بنگلہ دیش میں ہندو بھائیوں اور اقلیتوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس کچھ تجاویز ہیں جن پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک اور بالخصوص دہلی میں غیر قانونی بنگلہ دیشی دراندازوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔ غیر قانونی بنگلہ دیشی دراندازوں کو مکانات کرائے پر نہ دیے جائیں اور جو لوگ پہلے ہی کرائے پر مکانات دے چکے ہیں انہیں فوری طور پر خالی کرایا جائے۔ بنگلہ دیشیوں کو کسی بھی اسٹیبلشمنٹ کے ذریعہ ملازمت نہیں دینی چاہئے اور جن لوگوں نے انہیں ملازمت دی ہے ان سے کہا جائے کہ وہ انہیں فوری طور پر ہٹا دیں۔وفد نے یہ بھی کہا کہ دہلی کے باشندوں کو ہدایت دی جائے کہ اگر انہیں معلوم ہو کہ کوئی غیر قانونی بنگلہ دیشی یا درانداز ان کے پڑوس میں رہ رہا ہے تو وہ اس سلسلے میں فوری طور پر پولیس کو مطلع کریں۔ اس کے علاوہ ایم سی ڈی اور دہلی پولیس کو بھی سڑکوں، فٹ پاتھوں، پارکوں اور دیگر سرکاری زمینوں سے غیر قانونی دراندازوں کو ہٹانے کی ہدایت دی جائے جہاں انہوں نے زبردستی قبضہ کر رکھا ہے۔مسلم طبقہ سے تعلق رکھنے والے وفد نے ایل جی سکسینہ سے کہا کہ وہ بنگلہ دیشی دراندازوں کے ذریعہ غیر قانونی طور پر حاصل کردہ آدھار کارڈ، ووٹر آئی ڈی یا کوئی اور سرکاری دستاویز فوری طور پر منسوخ کردیں تاکہ وہ اس کا غلط استعمال نہ کرسکیں۔علمائے کرام نے یہ بھی کہا کہ اس کے علاوہ اگر کسی مسجد یا مدرسے نے ایسے بنگلہ دیشی دراندازوں کو پناہ دی ہے تو انہیں فوراً باہر نکال دیا جائے۔ علمائے کرام نے مطالبہ کیا کہ بنگلہ دیشی دراندازوں کی شناخت اور انہیں بنگلہ دیش واپس بھیجنے کے لیے خصوصی آپریشن شروع کیا جائے۔ان مطالبات کے بارے میں دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے وفد کو یقین دلایا کہ بنگلہ دیشی دراندازوں کی شناخت کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور دھوکہ دہی سے حاصل کردہ آدھار اور سرکاری دستاویزات کو منسوخ کردیا جائے گا۔ لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے مسلم وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان گنگا جمنی ثقافت کی مثال ہے اور یہاں ہندو مسلم بھائی چارے کو کوئی خطرہ نہیں ہونے دیں گے۔