درگم چیرو کی اراضی پر تعمیرات کے خلاف نوٹس کو ہائی کورٹ میں چیلنج

   

دستاویزات کا جائزہ لینے ہائی کورٹ کی ہدایت
حیدرآباد۔/3 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے ڈیویژن بنچ نے شیرلنگم پلی منڈل ضلع رنگاریڈی کے ڈپٹی کلکٹر اور تحصیلدار کو ہدایت دی ہے کہ 3 اگسٹ کو جاری کردہ نوٹس کو وجہ نمائی نوٹس شمار کیا جائے۔ حکام نے گٹلہ بیگم پیٹ ولیج کے سروے نمبر 47 میں غیر مجاز تعمیرات کے خلاف نوٹس جاری کی تھی۔ چیف جسٹس الوک ارادھے اور جسٹس جے سرینواس راؤ پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے چار مختلف درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے یہ احکامات جاری کئے۔ درخواست گذاروں نے حکام کی نوٹس کو چیلنج کرتے ہوئے درگم چیروو کے آبگیر علاقہ میں غیر مجاز تعمیرات کے الزامات کو مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 1998 میں رجسٹرڈ سیل ڈیڈ کے ذریعہ یہ اراضی خریدی گئی تھی۔ ضلع کلکٹر کی ہدایت کے بعد حکام نے نوٹس جاری کرتے ہوئے 30 دن کا وقت دیا ہے جس کے بعد عمارتوںکو منہدم کردیا جائے گا۔ درخواست گذاروں کے وکیل نے کہا کہ حکام نے دستاویزات کا جائزہ لیئے بغیر ہی نوٹس جاری کی ہے۔ چیف جسٹس الوک ارادھے اور جسٹس سرینواس راؤ پر مشتمل بنچ نے نوٹس کو وجہ نمائی نوٹس شمار کرتے ہوئے درخواست گذاروں کے دستاویزات کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔ درخواست گذاروں نے شکایت کی ہے کہ حکام ان کے دستاویزات کی جانچ کے لیے تیار نہیں ہیں اور انہدامی کارروائی کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔1