دریائے گوداوری کا پانی سنگور اور مانجرا منتقل کرنے کا منصوبہ : اتم کمار ریڈی

   

حیدرآباد کو پانی کی سربراہی میں بہتری کے لیے حکومت کے اقدامات
حیدرآباد ۔ 27 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے گوداوری کے پانی کو سنگور ، مانجرا اور نظام ساگر کے ذخائر آب میں شامل کرنے کے منصوبہ کا اعلان کیا تاکہ حیدرآباد کی پینے کے پانی کی ضروریات کی تکمیل ہوسکے ۔ اس پروگرام سے کئی اضلاع میں آبپاشی کی سہولتوں میں اضافہ ہوگا ۔ اتم کمار ریڈی نے جل سودھا میں جائزہ اجلاس سے خطاب کیا جس میں تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹس اور لفٹ اریگیشن اسکیمات کا جائزہ لیا گیا ۔ متحدہ محبوب نگر ضلع کے پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس میں وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا ، سابق رکن اسمبلی جئے پرکاش ریڈی ، اسپیشل سکریٹری آبپاشی پرشانت جیون پاٹل اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ اتم کمار ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اس سنگور ذخیرہ آب کی صفائی کا کام شروع کیا جائے تاکہ پانی کے ذخیرہ کی صلاحیت میں اضافہ ہو ۔ ریت کی صفائی کے کام سنٹرل واٹر ریسورس کمیشن کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق انجام دئیے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو بلاوقفہ پانی کی سربراہی یقینی بنانے کے لیے یہ پراجکٹ ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کنال لائننگ کے کاموں کیلئے ٹنڈر طلب کرنے کی ہدایت دی ۔۔1
غیر مجاز آبرسانی اور سیوریج کنکشن کے خلاف واٹر ورکس حکام کی چوکسی
حیدرآباد۔/27 نومبر،( سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے غیرمجاز کنکشن پر توجہ مرکوز کی ہے۔ حال ہی میں ایک ہوٹل انتظامیہ کے خلاف غیر قانونی طور پر سیوریج کنکشن کے سلسلہ میں کارروائی کی گئی تھی۔ ایک تازہ معاملہ میں شمس آباد کے علاقہ میں 7 افراد کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کیا گیا۔ شمس آباد سیکشن کے حدود میں کومری بستی، یادو بستی، تکوگوڑہ اور دیگر علاقوں میں روی، کرشناکمار، انجیا، محبوب بی، بالا راجو اور بھاسکر پر غیر قانونی طور پر آبرسانی کنکشن حاصل کرنے پر کارروائی کی گئی۔ عہدیداروں نے معائنہ کے دوران پتہ چلایا کہ آبرسانی کنکشن کیلئے کوئی اجازت حاصل نہیں کی گئی۔ ایرپورٹ پولیس اسٹیشن میں ان کے خلاف شکایت کی گئی۔ حکام نے پانی کے حصول کیلئے استعمال کئے جانے والے آلات کو ضبط کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عہدیداروں نے حیدرآباد میں غیر مجاز آبرسانی اور سیوریج کنکشن کا پتہ چلانے کیلئے مہم کو تیز کردیا ہے۔ غیر قانونی کنکشن کے سلسلہ میں سخت کارروائی کا انتباہ دیا گیا۔ عوام سے منیجنگ ڈائرکٹر اشوک ریڈی نے اپیل کی ہے کہ غیر مجاز آبرسانی یا سیوریج کنکشن کے سلسلہ میں واٹر ورکس کے ویجلینس شعبہ کو فون نمبرات 9989998100 اور 9989987135 پر اطلاع دیں۔1