حیدرآباد19جولائی (یواین آئی) تلنگانہ کے بھدراچلم ٹاون میں دریائے گوداوری کے پانی کی سطح بتدریج کم ہو رہی ہے ۔ گوداوری فی الحال تیسرے خطرے کے انتباہ پر 53 فٹ پر مسلسل بہہ رہی ہے ۔ ریاستی پنچایت راج محکمہ کے کمشنر ہنمنت راؤ نے کہا کہ بھدراچلم میں سیلاب کے پیش نظر امدادی کیمپس منتقل کئے گئے تمام افراد کو سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ بھدراچلم، پیناپاکا، اشواپورم، منوگورو، چرلا، برگم پاڈو اور دیگرمنڈلوں کے کئی مواضعات سیلاب کی زد میں آگئے ۔ عہدیداروں نے فوری طور پر متاثرین کو راحت مراکز منتقل کیا۔ انہوں نے کہا کہ گوداوری کے آبگیر علاقوں میں12,277 مکانات سیلاب کی زد میں آگئے اور فی الحال 11,061 مکانات کو بچایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے کارکنان ان علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔