ہائی کمان کا فیصلہ، 31 مئی تک ضلع کانگریس صدور کے تقررات مکمل کرنے کا امکان، بنیادی سطح پر پارٹی کے استحکام پر توجہ
حیدرآباد۔/20 اپریل، ( سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے ملک بھر میں ضلع کانگریس کمیٹیوں کے صدور کے تقررات کا عمل 31 مئی تک مکمل کرلینے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے اے آئی سی سی جنرل سکریٹریز اور ریاستوں کے انچارجس کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں اس بات کا انکشاف کیا۔ پارٹی نے نیشنل ہیرالڈ معاملہ میں سونیا گگاندھی اور راہول گاندھی کے خلاف انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی چارج شیٹ پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ پارٹی نے 25 تا30 اپریل ملک بھر میں جمہوریت بچاؤ کے تحت مختلف پروگرامس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملکارجن کھرگے نے کہا کہ ضلع کانگریس کمیٹیوں کو مستحکم کرنے کیلئے احمد آباد میں اے آئی سی سی اجلاس کے موقع پر جو فیصلے کئے گئے گئے تھے ان پر عمل کیا جائے گا۔ انتخابات کے موقع پر امیدواروں کے سلیکشن میں ضلع کانگریس کمیٹیوں کا اہم رول رہے گا۔ بنیادی سطح پر پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے دیہاتوں کی سطح پر 25 تا 30 اپریل جمہوریت بچاؤ ریالیاں منظم کی جائیں گی۔ 3 تا 10 مئی ضلع سطح پر جبکہ 11 تا 17 مئی اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر پروگرامس منعقد کئے جائیں گے۔ 20 تا 30 مئی کانگریس کارکن گھر گھر پہنچ کر عوام کو مرکزی حکومت کے عوام دشمن فیصلوں اور جمہوریت و دستور کی مخالفت سے واقف کرائیں گے۔ ملک میں اپوزیشن قائدین کے خلاف مقدمات سے عوام کو واقف کرایا جائے گا۔ کانگریس پارٹی نے ضلع کانگریس صدور کے انتخاب کے سلسلہ میں نیا طریقہ کار طئے کیا ہے جس کے تحت نئے ضلع کانگریس صدر کے سلیکشن کیلئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کا ایک اور پردیش کانگریس کمیٹی دو مبصرین کا تقرر کیا جائے گا۔ مبصرین ضلع قائدین سے مشاورت کے بعد انتخاب کریں گے۔ پارٹی نے مبصرین کیلئے ٹریننگ کیمپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عوامی سطح پر مقبول اور متحرک قائدین کا ضلع صدر کے طور پر انتخاب کیا جائے گا۔ پارٹی سے دیرینہ وابستگی، وفاداری اور اسمبلی و لوک سبھا انتخابات میں کارکردگی بنیاد پر ضلع صدر کا انتخاب کیا جائے گا۔دیگر پارٹیوں سے شامل ہونے والے قائدین کی صورت میں ان کی پارٹی سے سنجیدگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ مبصرین ہر ضلع میں 5 ناموں کو شارٹ لسٹ کرتے ہوئے ہائی کمان کو روانہ کریں گے۔ ضلع کانگریس صدور کے اختیارات میں اضافہ کے پیش نظر توقع کی جارہی ہے کہ اس عہدہ کیلئے قائدین کے درمیان سخت مسابقت رہے گی۔1
ایل آر ایس اسکیم کا عمل 30 اپریل تک مکمل کرنے ضلع کلکٹرس کو حکومت کی ہدایت
حیدرآباد۔/20اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے تمام ضلع کلکٹرس اور میونسپل کمشنرس کو ہدایت دی ہے کہ ایل آر ایس کے عمل کو 30 اپریل تک مکمل کرلیا جائے۔ اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق دانا کشور نے ویڈیو کانفرنس میں کلکٹرس اور میونسپل کمشنرس کو ہدایت دی کہ لے آؤٹ رجسٹریشن اسکیم کی تمام درخواستوں کی جاریہ ماہ کے اختتام تک یکسوئی کردی جائے۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس، ایڈیشنل کلکٹرس، میونسپل کمشنرس اور ٹاؤن پلاننگ عہدیداروں کے ہمراہ اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔1