دسویں جماعت کا سائنس امتحان دو دن ہوگا‘فزکس اور بیالوجی کے علحدہ امتحانات ‘احکام جاری

   

حیدرآباد ۔ 5 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاست میں رواں تعلیمی سال (2024-25) سے نویں اور دویں کلاسیس کیلئے سائنس کے فزیکل اور بائیولوجیکل کے امتحانات مختلف دنوں میں منعقد ہوں گے۔ تاحال یہ دونوں امتحانات ایک ہی دن منعقد ہوا کرتے تھے حالانکہ دو امتحانات کیلئے علحدہ علحدہ پرچے سوالیہ دیئے جارہے ہیں۔ آئندہ سے فزکس کا امتحان ایک دن اور بیالوجی کا امتحان دوسرے دن لیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں محکمہ تعلیم نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے جمعہ کو جی او جاری کردیا ہے۔ امتحانات میں اصلاحات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈسمبر 2022ء میں امتحانی سوالیہ پرچہ کو چوائس میں تبدیل کردیا گیا تھا۔ اس وقت جی او میں وضاحت کردی گئی تھی کہ یہ صرف تعلیمی سال 2022-23ء اور 2023-24ء تک محدود رہے گا۔ اس سال سوالیہ پرچوں کی نوعیت کے تعلق سے تجسس پایا جارہا تھا جس پر محکمہ تعلیم کے پرنسپل سکریٹری بی وینکٹیشم نے سابق جی او میں ترمیم کرکے تازہ جی او 23 جاری کرتے ہوئے تجسس کو ختم کردیا ہے۔ گذشتہ امتحانات تک فزکس اور بیالوجی کے امتحانات ایک کے بعد دوسرا ایک ہی دن منعقد کئے جاتے تھے۔ ہر امتحان کیلئے دیڑھ گھنٹہ بصورت دیگر 20 منٹ کا اضافی وقت تحریری جوابی پرچہ جمع کرنے اور دوسرا امتحانی سوالیہ پرچہ دینے کیلئے دیا جاتا ہے۔ حال ہی میں امتحانات مختلف دنوں میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ہر امتحان کا وقت صرف دیڑھ گھنٹہ ہوگا باقی سبجیکٹس کے امتحانات کیلئے تین گھنٹوں کا وقت دیا جائے گا کیونکہ یہ ایک ہی پرچہ پر مشتمل امتحان ہوگا جہاں تک چوائس کا معاملہ ہے وہ ماضی جیسا ہوگا۔ یہ سب نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کیلئے بھی لاگو ہوں گے۔2