دسویں و انٹر کے نمایاں نتائج کیلئے اقدامات کریں

   

میدک میں محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں و اساتذہ کے اجلاس سے کلکٹر کا خطاب
میدک ۔ 12 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر میدک راجرشی شاہ نے کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں محکمہ تعلیمات کے اعلیٰ عہدیداروں، صدر مدرسین کے ساتھ منعقدہ ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سال 2024 میں ضلع میدک کے ایس ایس سی امتحانات میں 100 فیصد نتائج لاکر ریاست میں ضلع کا نام اونچا کرنے کے ضروری اقدامات کریں۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر میدک رادھاکشن کی صدارت میں منعقدہ اس اجلاس میں کلکٹر شاہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے اپنے ان خیالات کا اظہار کیا۔ ڈی ای او نے بتایا کہ اس سال پورے ضلع میں 10,300 امیدوار شریک امتحان ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یکم نومبر سے دسویں جماعت کے لئے خصوصی کلاسیس چلائے جارہے ہیں۔ 12 جنوری 4:45 تا 530 بجے بھی اضافی کلاسس لئے جارہے ہیں۔ اس اجلاس میں ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیر آفسر وجئے لکشمی، ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر جملا نائک، ڈی ایف او روی پرساد اگریکلچرل آفیسر گوند، بی سی ویلفیر آفیسر شنکر نائک، سی پی او کرشنا، ایم ای او میدک نیلاکنٹم، اے ایم او سدرشن مورتی کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔ دریں اثناء ضلع کلکٹر میدک راجرشی شاہ نے کہا کہ لیکچررس کو چاہئے کہ کمزور طلبہ پر خوب محنت کریں۔ ریاست میں انٹر میڈیٹ کے نتائج سال 2024 میں ضلع کو نمایاں مقام حاصل ہونے کے اقدامات کریں۔ کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں ضلع کے انٹرمیڈیٹ کالجس کے پرنسپلس اور لیکچررس کے ساتھ منعقدہ ایک اہم اجلاس میں وہ بحیثیت مہمان خصوصی بات کررہے تھے۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر شاہ نے محکمہ انٹرمیڈیٹ بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ سبجکٹ کونسلرز کے ذریعہ تیار کردہ خصوصی بنیادی تعلیمی مواد کی رسم اجرائی کی۔ ڈسٹرکٹ انٹرمیڈیٹ بورڈ آفیسر ست نارائن کی صدارت میں یہ اجلاس منعقد ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میدک میں 13,159 امیدوار انٹرمیڈیٹ امتحان لکھ رہے ہیں جس میں سال اول کے 6506 اور سال دوم کے 6653 امیدوار شامل ہیں۔ اس اجلاس میں ایس سی ڈیولپمنٹ آفیسر وجئے لکشمی کالج پرنسپلس، اویناش ریڈی، سرینواس گوڑ، سری دیوی ششی دھر کے علاوہ دیگر شریک تھے۔