تہران ۔ 25 اگست (ایجنسیز) ایرانی وزیر معیشت علی مدنی زادہ نے امریکہ کی جانب سے اقتصادی پابندیوں میں مزید توسیع کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران امریکی پابندیوں سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔جاری کیے گئے بیان میں علی مدنی زادہ کا کہنا ہے کہ دشمن ایران کے خلاف اقتصادی حملہ کرنا چاہتے ہیں لیکن ایران کے پاس بھی اپنے وسائل موجود ہیں اور ایران اس جنگ سے نمٹنے کا طریقہ جانتا ہے، ایران کے خلاف اقتصادی پابندیاں کوئی نئی بات نہیں، جنگ نہیں چاہتے لیکن اقتصادی حملے کا مقابلہ کریں گے۔ایرانی وزیرِ اقتصادی امور و خزانہ کا کہنا ہے کہ دوسرا فریق کئی برسوں سے ملک کی اقتصادی شریانوں کو کاٹنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن اب تک وہ اس مقصد کے حصول میں ناکام رہا ہے، امریکیوں نے گزشتہ عرصے کے دوران ایرانی عوام اور حکام کے عزم کو آزمانے کی بہت کوشش کی اور ہر بار ناکام ہوئے، بظاہر وہ ایک بار پھر اسی شکست کا تجربہ کرنا چاہتے ہیں۔