دعوت افطار سے گنگا جمنی تہذیب کو فروغ

   

نرمل میں دعوت افطار کے موقع پر کے سری ہری راؤ ضلع کانگریس صدر کا خطاب

نرمل:30 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دعوت افطار گنگا جمنی تہذیب کو پروان چڑھانے اور قومی یکجہتی کے فروغ میں بڑی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں ۔ ایک دوسرے مذاہب کا احترام اور ایک دوسرے کی تقاریب میں شرکت کرتے ہوئے خوشیاں آپس میں باٹنا ہی انسانیت ہے ۔ آج محمد زاہد علی مالک آئی اے فنکشن ہال اور ان کے فرزندان محمد ذیشان علی کی جانب سے دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا جو قابل ستائش ہے ۔ اس طرح کی دعوتوں میں ہندو مسلم دوستی کو فروغ ملتا ہے ۔ ہماری گنگا جمنی تہذیب سارے ملک میں مثالی ہے ۔ اس دعوت افطار میں شرکت کرتے ہوئے مسرت ہورہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مسٹر کے سری ہری راؤ صدر ضلع کانگریس نرمل نے اس موقع پر کیا ۔ مسٹر راؤ نے بتایا کہ اس ملک کی بنیاد سیکولرازم پر رکھی گئی ہے ۔ یہی سبب ہے کہ ملک کہ تمام حقو ق میں ہندو مسلم ایک دوسرے کے تہواروں میں خوشیاں آپس میں باٹنے میں چند مٹھی بھر لوگ اس ملک میں نفرت کو ہوا دیتے ہوئے ہندو مسلم میں دوریاں پیدا کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں جو کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے ۔ اس دعوت افطار میں نرمل کی معزز شخصیتوں نے شرکت کی جن میں قابل ذکر الحاج عبدالرحمن مالک مدینہ ہوٹل ، محمد انیس احمد خان رئیل اسٹیٹ ، محمد افنان خان تاجر ، ایم اے صادق ، محمد عثمان ، اروند ، اے مرلی ، گاجلا روی کے علاوہ سید جلیل ازہر سینئراسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست نے شرکت کی ۔ تمام مہمانوں کا محمد سلمان علی نے خیرمقدم کیا ۔ آخر میں سری ہری راؤ نے محمد زاہد علی ، محمد ذیشان علی سرگرم یوتھ لیڈر کانگریس سے اظہار تشکر کیا ۔