دفاعی اداروں کیلئے تلنگانہ سرمایہ کاری کا بہترین مرکز: ریونت ریڈی

   

ایرواسپیس اور ڈیفنس پالیسی کا عنقریب اعلان، رکھشا ایکسپو تعارفی پروگرام میں عالمی اداروں کی شرکت
حیدرآباد۔ 25 اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے ڈیفنس شعبہ میں بہتر سرمایہ کاری کو یقینی بنانے حکومت جلد ایرو اسپیس اینڈ ڈیفنس پالیسی کا اعلان کرے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ڈیفنس کے شعبہ میں ریسرچ اور پروڈکشن کیلئے حیدرآباد بہترین مرکز ہے۔ چیف منسٹر رکھشا ایکسپو کے تعارفی پروگرام سے خطاب کر رہے تھے جس میں چیف منسٹر نے ڈسمبر میں ہونے والے تلنگانہ گلوبل سمٹ کے موقع پر رکھشا ایکسپو میں بین الاقوامی اور قومی ڈیفنس کمپنیوں کی شرکت کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد ملک میں سرمایہ کاری کا بہترین مقام ہے اور حیدرآباد میں کئی ریسرچ ادارے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کا شمار ملک کے محفوظ شہروں میں ہوتا ہے جہاں پر سرمایہ کاری کے ذریعہ عالمی اور قومی ادارے اپنی سرگرمیوں کو فروغ دے سکتے ہیں۔ تلنگانہ جنوبی ہند کی واحد ریاست ہے جہاں ساحل سمندر موجود نہیں۔ حکومت نے وقارآباد کے دموگوڑیم ریزرو فارسٹ علاقہ میں بحریہ کے راڈار اسٹیشن کے قیام کے لئے اراضی مختص کی ہے۔ انہوں نے ڈیفنس کمپنیوں کو 7 تا 9 ڈسمبر فیوچر سٹی میں تلنگانہ گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ تعارفی پروگرام میں ڈیفنس، اسپیس، ایرو اسپیس اور سیکوریٹی جیسے اہم شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے اداروں کی اہم شخصیتوں نے شرکت کی۔ ڈی آر ڈی او، ایچ اے ایل، بی ڈی ایل، مدھانی، ٹاٹا گروپ، ایئربس، اسکائی روٹ، بھارت فورج اور دیگر اداروں نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دفاع کے شعبہ کیلئے انتہائی ذہین نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ آئی آئی ٹیز، ٹریپل آئی ٹیز، این آئی ٹی، انڈین اسکول آف بزنس و بٹس پلانی جیسے اداروں کی ضرورت ہے جہاں سے فارغ طلبہ کو ڈیفنس کے شعبہ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ریاست کی تمام آئی ٹی آئیز کو اڈوانسڈ ٹریننگ سنٹرس میں تبدیل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ڈیفنس سیکٹر میں تلنگانہ ایک بڑے صنعتی مرکز میں تبدیل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دفاعی ادارے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے ریسرچ اور پروڈکشن کا کام انجام دیں گے۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ رائزنگ ویژن 2047 کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2034 تک ایک ٹریلین ڈالر جبکہ 2047 تک ریاست کی معیشت کو تین ٹریلین ڈالر تک ترقی دینے کا منصوبہ ہے۔ ملک کی مجموعی گھریلو پیداوار میں تلنگانہ کی حصہ داری 5 فیصد ہے اور حکومت 2047 تک اسے 10 فیصد تک ترقی دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکھشا ایکسپو کے ذریعہ ڈیفنس اور ریسرچ کے شعبہ کے اداروں کو سرمایہ کاری میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی، سریدھر بابو، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور چیف سکریٹری سنجے جاجو موجود تھے۔ 1؍F