دفعہ 370 یکطرفہ منسوخ کرنا، بی جے پی کی بہت بڑی غلطی : سوز

   

سرینگر : کانگریس کے سینئر اور سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوز نے منگل کے روز کہا کہ آئین ہند کی دفعہ 370 کو یک طرفہ طور ختم کرنے کے بعد بی جے پی کے لیڈر لگاتار پروپگنڈا کر رہے ہیں کہ اس دفعہ کو ختم کرنے کے بعد جموں وکشمیر میں بہت بڑی ترقی ہو رہی ہے !ان لیڈروں میں سے کسی کو یہ ہمت نہیں ہے کہ وہ کسی ایک فائدے کا ذکر کرے ! انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے سامنے یہ حقیقت ہے کہ دفعہ 370 کا نفاذ گفت و شنید کے بعد وجود میں آیا تھا۔ اس معاہدے میں مرکزی اور ریاستی سرکار برابر شریک تھے ۔ اب مرکز نے وشواس گھات کر کے اس دفعہ کو یکطرفہ طور ختم کر دیا ہے ، جو ریاست کیخلاف سراسر خیانت ہے ۔اس پس منظر میں ریاست کے لوگ اپنی آئینی اور قانونی جنگ جاری رکھیںگے ۔دوسری طرف بی جے پی کے لیڈر گلا پھاڑ پھاڑ کر کہہ رہے ہیں کہ اس دفعہ کے خاتمے کے بعد کشمیر میں خوب ترقی ہو رہی ہے جو محض پروپگنڈا اور سراسر جھوٹ ہے ۔