نئی دہلی: انڈین فارمرز فرٹیلائزر کوآپریٹو (آئی ایف ایف سی او) جو دنیا کی سب سے بڑی کوآپریٹو سوسائٹیوں میں سے ایک ہے ، نے چہارشنبہ کو مسٹر دلیپ سنگھانی کو اپنا 17 ویں صدر منتخب کیا۔مسٹر سنگھانی کو متفقہ طور پر صدر منتخب کیا گیا۔ وہ پہلے افکو کے نائب صدر تھے ۔ یہ انتخاب مسٹر بلوندر سنگھ نکئی کے انتقال کی وجہ سے ہوا ہے ۔انتخاب کے بعد مسٹر سنگھانی نے بتایا کہ افکو کسانوں اور کوآپریٹیو کے لیے وقف ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کے تعاون سے خوشحالی کے لئے کسانوں کے مفاد میں کام کرتا رہے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے افکو کے منیجنگ ڈائریکٹر یو ایس اوستھی نے بتایا کہ کمپنی کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کی وزیر اعظم کی مہم کے ایک حصے کے طور پر ‘آتم نربھر کرشی-آتم نربھر بھارت’ کے لیے کام جاری رکھے گی۔مسٹر سنگھانی طویل عرصے سے گجرات کی کوآپریٹو تحریک سے وابستہ ہیں۔ وہ گجرات اسٹیٹ کوآپریٹو مارکیٹنگ فیڈریشن کے صدر بھی ہیں۔ وہ 2017 سے اس عہدے پر ہیں۔ وہ گجرات حکومت میں وزیر زراعت بھی رہ چکے ہیں۔ وہ سال 2019 میں افکو کے نائب صدر کے طور پر منتخب ہوئے تھے ۔