دمشق: ایک جنگی نگران نے بتایا کہ شام کے دارالحکومت دمشق کے قریب ہتھیاروں کے ایک ڈپو میں دھماکے سے 11 افراد ہلاک ہو گئے۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا کہ دمشق سے 30 کلومیٹر (20میل) دور صنعتی علاقے عدرا میں ہونے والے دھماکے کی وجہ ممکنہ اسرائیلی حملہ تھا لیکن ایک اسرائیلی فوجی ذریعہ نے یروشلم میں اے ایف پی کو بتایا کہ فوج نے علاقے میں حملہ نہیں کیا۔ قریبی علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر اے ایف پی کو بتایا کہ نامعلوم وجہ کے تحت ہونے والے اس دھماکے نے صنعتی علاقے عدرا کو ہلا کر رکھ دیا جس میں ہلاکتوں کی ایک غیر متعینہ تعداد کی اطلاع ملی ہے ۔ نیز انہوں نے کہا کہ امدادی کارروائیاں جاری تھیں۔ آبزرویٹری کے سربراہ رامی عبدالرحمٰن نے اے ایف پی کو بتایا کہ عدرا کے علاقے میں (الاسد کی) حکومت سے تعلق رکھنے والے اسلحے کے ڈپومیں ممکنہ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں دھماکے سے کم از کم 11 افراد ہلاک ہو گئے۔ اسرائیلی فوجی ذرائع نے کہاکہ ہمیں علاقے میں اسرائیلی دفاعی افواج کے حملوں کا علم نہیں ہے ۔ دفاعی افواج نے علاقے میں حملہ نہیں کیا۔