دمہ سے متاثرشخص کو کورونا کامریض سمجھ کربس سے زبردستی اتار دینے پر موت

   

حیدرآباد11جون(یواین آئی)دمہ کے مریض کو کورونا کامریض سمجھ کربس سے زبردستی اتاردیاگیا جس کے کچھ ہی دیر بعد اس کی موت ہوگئی۔یہ دل دہلادینے والا واقعہ تلنگانہ کے ضلع میدک میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق رامائم پیٹ سے بس میں سکندرآباد جانے کے لئے یہ شخص جس کی شناخت50سالہ سرینواس بابو کے طورپر کی گئی ہے ،بس میں سوار ہوا۔سانس لینے میں دشواری پر اس کو چیگنٹہ کے سرکاری ہاسپٹل کے قریب بس سے اتاردیاگیاجس کے بعد وہ اچانک نیچے گرپڑا اور سانس لینے میں مشکل محسوس کرنے لگا۔چند ہی منٹوں میں اس کی موت واقع ہوگئی۔مقامی افراد جنہوں نے اس شخص کو دیکھا سرکاری ہاسپٹل کو اطلاع دی۔اس ہاسپٹل کے اسٹاف کے آنے سے پہلے ہی بابو کی موت ہوگئی۔ مقامی افرادنے شبہ ظاہر کیا کہ اس کے کوویڈ 19سے متاثرہونے کا شبہ کرتے ہوئے بس میں سوار افراد نے اس کو زبردستی نیچے اتاردیا۔جب اس کو لینے کے لئے ایمبولنس لائی گئی تو مقامی افراد نے اس کو ایمبولنس تک لے جانے سے بھی انکار کردیا۔نریڈ میٹ میں واقع بابو کے خاندان کو جب اس کی موت کی اطلاع دی گئی تو اس کے ارکان خاندان نے کہاکہ وہ دمہ کا مریض تھا۔ ہاسپٹل کے اسٹاف نے اس کی لاش کو سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا۔