دنیائے کرکٹ پر ہندوستان کا دبدبہ قائم

   

ونڈے انٹرنیشنل اور ٹی 20 میں ٹاپ رینک، ٹسٹ کرکٹ میں آسٹریلیا کو سبقت
حیدرآباد ۔8۔ مئی (سیاست نیوز) ہندوستان نے کرکٹ کی دنیا پر اپنا دبدبہ برقرار رکھا ہے اور ونڈے انٹرنیشنل اور ٹی 20 رینکنگ میں ہندوستان ٹاپ پر ہے۔ آسٹریلیا کو ٹسٹ رینکنگ میں دیگر ممالک کی ٹیموں کے مقابلہ سبقت حاصل ہوئی ہے۔ کرکٹ کے تینوں زمرہ جات میں دنیا کی ٹاپ ٹیموں کی تفصیلات کا جائزہ لیں تو ونڈے انٹرنیشنل میں ہندوستان 119 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ ٹی 20 مقابلوں میں ہندوستان 273 پوائنٹس کے ساتھ اپنی سبقت کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ گزشتہ چند برسوں میں ہندوستان نے تینوں زمرہ جات میں شاندار مظاہرہ کیا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے بی سی سی آئی نے کئی قدم اٹھائے ہیں۔ ہندوستان کو ٹسٹ کرکٹ میں 104 پوائنٹس کے ساتھ چوتھا مقام حاصل ہوا ہے۔ ٹسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا 128 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ ساؤتھ افریقہ 116 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور انگلینڈ 109 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ نیوزی لینڈ کو ٹسٹ کرکٹ میں 98 پوائنٹس حاصل ہوئے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان کا ٹی 20 اور ٹسٹ کرکٹ میں کوئی رینک نہیں ہے جبکہ ونڈے انٹرنیشنل میں اسے 102 پوائنٹس حاصل ہوئے ہیں۔ نیوزی لینڈ ونڈے انٹرنیشنل میں 114 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ آسٹریلیا 109 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر رہا۔ ساؤتھ افریقہ کو 98 پوائنٹس حاصل ہوئے ہیں۔ تینوں فارمیٹ میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان سخت مسابقت دیکھی گئی ہے۔ محدود اوورس کے کرکٹ میں ہندوستان نے دیگر ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ کرکٹ ماہرین کو امید ہے کہ ٹسٹ کرکٹ میں بھی ہندوستان کا مظاہرہ بہتر ہوگا۔1/k