دنیا بھر کے لوگ رمضان میں کس مقام پر ایک دسترخوان پر جمع ہوتے ہیں؟

,

   

مکۃ المکرمہ۔25مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) رمضان مبارک میں مسجد حرام کے اندر مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے اور مختلف زبانیں بولنے والے لاکھوں زائرین اور معتمرین افطار کے ایک دستر خوان پر اکٹھا ہو جاتے ہیں۔ مکہ مکرمہ کی ان خوب صورت روحانی فضاؤں کو روزے دار محسوس کرتے ہیں۔’’رحمن کے دسترخوان‘‘ پر مختلف لباس، رنگ اور ثقافت کے حامل مہمان موجود ہوتے ہیں۔ یہ منظر رمضان کے روح پرور ماحول کی خوب صورت عکاسی کرتا ہے۔ اس دوران کوئی روزے داروں میں کھجور بانٹ رہا ہوتا ہے تو کوئی انہیں آب زمزم کے گلاس پیش کرتا دکھائی دیتا ہے۔رواں سال مسجد حرام کی انتظامیہ نے رمضان مبارک کے دوران حرم مکی میں روزے داروں کو افطار پیش کرنے کی خدمات کے لیے 1496 پرمٹ جاری کیے۔ مسجد حرام کی انتظامیہ شعبہ امور خدمت ڈائریکٹر محمد الجابری کے مطابق یہ پرمٹ افطار کی خدمات پیش کرنے کے خواہش مند افراد اور اداروں کو شعبان کے آغاز سے جاری کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ پرمٹ کے حوالے سے رواں سال ریکارڈ تعداد سامنے آئی ہے۔روزے داروں کے دستر خوان کے امور سے متعلق یونٹ کے سربراہ عبداللہ السلمی نے بتایا کہ اس سلسلے میں 70 اہلکاروں پر مشتمل ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے۔ ان افراد کو 8 ٹیموں میں تقسیم کیا گیا۔ یہ افراد روزے داروں کے لیے افطار کی خدمات پیش کرنے والوں کی خدمات کی نگرانی کرتے ہیں، پیش کی جانے والی کھانے کی اشیاء کی کوالٹی کی تصدیق کرتے ہیں اور خدمات پیش کرنے والوں کی جانب سے مطلوبہ ہدایات اور صحت سے متعلق شرائط کی پاسداری پر کڑی نظر رکھتے ہیں۔