دنیا میں ملک نہیں خطے ترقی کرتے ہیں : عمران خان

   

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا میں ملک نہیں خطے ترقی کرتے ہیں‘ اقتصادی تعاون بڑھانے اور تجارت میں آسانیوں سے خطہ ترقی کرے گا‘ای سی او ممالک کے 45 کروڑ عوام کے خطے کو باہم مربوط کر دیں تو یہ پاور ہائوس بن جائے گا،یورپی یونین کی مثال ہمارے سامنے ہے ‘ افغانستان میں عدم استحکام اور انتشار سے پورا خطہ متاثر ہو گا، اتحادی افواج کے انخلاء کے بعد پرامن انتقال اقتدار چاہتے ہیں، ای سی او ممالک کو افغانستان میں امن کیلئے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں، فلسطین اور مقبوضہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں ہو رہا‘ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات نہ کئے تو خطے اور پوری دنیا کو خطرہ لاحق ہو گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں ای سی او پارلیمانی اسمبلی کی دوسری جنرل کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ای سی او ممالک کے خطے کی مجموعی ا?بادی تقریباً 45 کروڑ ہے‘ اگر ہم اپنی اس آبادی کو باہم مربوط کر لیں، تجارت بڑھا لیں اور مسئلے حل کر لیں تو یہ خطہ مکمل پاور ہائوس بن جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ خطے کے مختلف ممالک کے ساتھ مختلف وسائل ہیں، اگر ہم ملکر کوششیں کریں تو اس سے سب کو فائدہ ہو گا‘جب کسٹم اور دیگر ڈیوٹیز میں کمی ہو، رکاوٹیں دور کی جائیں تو اس سے تمام ممالک کو تجارت میں فائدہ ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسائل سے ہماری جذباتی وابستگی ہے، وہاں ناانصافی کی وجہ سے لوگوں پر ظلم ہو رہا ہے اور انہیں ان کا حق نہیں مل رہا۔