دوبئی میں شدید علیل ہندوستانی شہری کو دیگر ہندوستانیوں کی امداد

   

دوبئی۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہندوستانی شہری جو تشویشناک حد تک علیل ہے، جس کے پھیپھڑوں میں انفیکشن کی وجہ سے اس کے جسم کے تقریباً سبھی اعضاء جواب دیتے جارہے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ ہاسپٹل کے لاکھوں روپئے کے بل نے بھی اسے پریشان کر رکھا ہے، تاہم یہاں موجود ہندوستانی برادری اس کی مدد کیلئے آگے آئی اور اسے بالآخر بذریعہ طیارہ ہندوستان منتقل کردیا گیا۔66 سالہ سریندر کھنہ جس کا تعلق پنجاب سے ہے، کو 15 مارچ کو اس وقت فوری طور پر ہاسپٹل پہنچایا گیا تھا جب اس نے سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کی تھی۔ یہ واقعہ اس کے دوبئی پہنچنے کے صرف ایک روز بعد رونما ہوا جبکہ ایک روز قبل ہی وہ اپنی بیوی کے ساتھ دوبئی آیا تھا۔ کھنہ کے بیٹے انوبھو کو اپنے والدین کے علاج کیلئے انشورنس کی سہولت حاصل نہیں ہے جبکہ ہاسپٹل کا بل اٹھارہ لاکھ روپئے تک پہنچ گیا ہے۔ اس موقع پر دوبئی میں قونصل جنرل آف انڈیا (CGI) نے ہندوستانی ڈاکٹرس اور دیگر ہندوستانی شہریوں کا شکریہ ادا کیا کہ ان لوگوں نے بروقت مدد کرتے ہوئے اپنی انسانی ہمدردی کا ثبوت دیا۔ اخبار ’’خلیج ٹائمز‘‘ کے مطابق ہندوستانی سفارت خانے نے دوبئی میں موجود ہندوستانی برادری سے سریندر کھنہ کی امداد کرنے کی اپیل کی تھی جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے۔