سینئر ترین قائدین منڈلوں کے انچارج، اتم کمار ریڈی اور دیگر عوامی نمائندے رائے دہی تک حلقہ میں قیام کرینگے
حیدرآباد۔ تلنگانہ کے نئے انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور ایم پی نے ذمہ داری سنبھالتے ہی دوباک اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کو چیلنج کے طور پر قبول کیا ہے۔ انہوں نے ٹی آر ایس کی اس نشست پر قبضہ کی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے پارٹی کے سینئر ترین قائدین کو انتخابی مہم کی ذمہ داری دی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کیلئے ہر منڈل کو سینئر قائدین بطور انچارج مقرر کئے گئے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی خود بھی ایک منڈل کے انچارج مقرر کئے گئے ہیں۔ پارٹی کے تمام ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی اور سینئر قائدین کو مختلف منڈلوں کا انچارج مقرر کرتے ہوئے انتخابی مہم کی تکمیل تک متعلقہ منڈلوں میں قیام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مانکیم ٹیگور خود بھی پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ وہ تلنگانہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنا پہلا تجربہ کامیاب کرنا چاہتے ہیں۔ دوباک کے 8 منڈلوں کیلئے سینئر قائدین پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں اور ہر منڈل کے تحت جو بھی پولنگ بوتھ ہیں ان کی ذمہ داری انچارج قائدین پر رہے گی۔ دوباک میں جملہ 248 پولنگ بوتھس ہیں۔ دوباک منڈل کے تحت 67 پولنگ بوتھس کی ذمہ داری اتم کمار ریڈی، آر دامودھر ریڈی، شریمتی کونڈہ سریکھا، اے مہیشور ریڈی اور کے مہیندر ریڈی کو دی گئی۔ مردوڈی منڈل کے تحت 41 پولنگ بوتھس کی ذمہ داری رکن پارلیمنٹ اے ریونت ریڈی، ڈی سیتکا ایم ایل اے، پی بلرام نائیک، سریش شیٹکر اور کے سری سیلم گوڑ کو دی گئی ہے۔ توگٹہ منڈل کے 32 پولنگ بوتھس کیلئے دامودر راج نرسمہا، ٹی جیون ریڈی، ٹی جگا ریڈی، کونڈا ویشویشور ریڈی، ایس راملو نائیک اور گڈم پرساد انچارج مقرر کئے گئے۔ دولت آباد کے 30 بوتھس کی ذمہ داری کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، سمپت کمار، مہیش کمار گوڑ، اے دیاکر کو دی گئی ہے۔ رائے پول منڈل کے 26 بوتھس کے انچارج کے طور پر بی سریدھر بابو، کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی، کے چندر شیکھر اور سنجیو ریڈی کو مقرر کیا گیا۔ چیگنٹہ کے 40 پولنگ بوتھس کی ذمہ داری سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، وی ہنمنت راؤ، پونم پربھاکر، جے کسم کمار اور کے لکشما ریڈی کو دی گئی ہے۔ نارسنگی کے 11 بوتھس کیلئے پونالہ لکشمیا، محمد علی شبیر اور کیلاش سرینواس کو انچارج مقرر کیا گیا۔ گجویل کے واحد پولنگ بوتھ کی ذمہ داری سابق وزیر جے گیتا ریڈی اور این یادگیری کو دی گئی ہے۔