دورہ ٔویسٹ انڈیز ، ہندوستانی ٹیموں کا اعلان ،خلیل کی واپسی

   

نئی دہلی۔ 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) دورۂ ویسٹ انڈیز کیلئے ہندوستانی کرکٹ ٹیموں کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں خاص کر سابق کپتان مہیندر سنگھ دھونی کے انتخاب پر ہو رہی پیش قیاسیوں کا خاتمہ ہوگیا اور انہیں دورۂ ویسٹ انڈیز کیلئے ہندوستانی ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد نے کہا کہ دھونی دورۂ ویسٹ انڈیز کیلئے دستیاب نہیں تھے، اس لئے انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ دریں اثناء عالمی نمبر ایک بولر جسپریت بمراہ اور آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو سفید گیند کی کرکٹ کیلئے آرام دیا گیا ہے، تاہم جسپریت بمراہ کو ٹسٹ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ورلڈ کپ میں سیمی فائنل مرحلے پر نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کے بعد یہ پیش قیاسیاں بھی کی جارہی تھیں کہ ہندوستانی ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کی جاسکتی ہے اور محدود اوورس کی کرکٹ کیلئے روہت شرما کو قیادت دی جاسکتی ہے لیکن معلنہ ٹیم کے بعد یہ خدشات بھی ختم ہوچکے ہیں اور تمام طرز کی کرکٹ میں ویراٹ کوہلی کو ہی کپتان بنایا گیا ہے۔ ٹسٹ ٹیم میں سینئر وکٹ کیپر بیٹسمین وردھمان ساہا کی واپسی ہوئی ہے۔ ساہا نے آخری مرتبہ 2018ء میں جنوبی آفریقہ کے خلاف آخری ٹسٹ کھیلا تھا۔ محدود اوور کی کرکٹ میں بائیں ہاتھ کے اوپنر شکھر دھون کی واپسی ہوئی ہے۔ دھون اُنگلی زخمی ہونے کی وجہ سے ورلڈ کپ کا ٹورنمنٹ ادھورا چھوڑ کر وطن لوٹ گئے تھے، ان کی ٹوئنٹی 20 اور ونڈے ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ معلنہ ٹیم میں لیگ اسپنر راہول چہر کی شمولیت واحد نیا چہرہ ہے جنہیں ٹوئنٹی 20 ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر محمد خلیل کو ونڈے اور ٹوئنٹی 20 ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ محمد سمیع ٹسٹ ٹیم کا حصہ ہونے کے علاوہ ونڈے ٹیم میں بھی انہیں موقع دیا گیا ہے۔ ٹسٹ ٹیم میں زیادہ کچھ تبدیلی نہیں ہوئی ہے اور اس میں سینئر وکٹ کیپر وردھمان ساہا کے ساتھ ریشپھ پنت کو دوسرے وکٹ کیپر کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں روی چندرن اشون کی بھی ٹسٹ میں واپسی ہوئی ہے، جنہوں نے آخری مرتبہ 2018ء میں اڈیلیڈ ٹسٹ کھیلا تھا اور زخمی ہونے کی وجہ سے انہیں آسٹریلیائی دورہ پر مکمل سیریز کھیلنے کا موقع نہیں ملا تھا۔ اشون کے علاوہ ٹسٹ ٹیم میں رویندرا جڈیجہ اور کلدیپ یادو کو بھی موقع دیا گیا ہے۔ محدود اوورس کی ٹیموں میں فاسٹ بولر نودیپ سائنی کو موقع دیا گیا ہے اور یہ ٹیم میں شامل ایک اور نیا چہرہ ہے جوکہ راہول چہر کے ساتھ ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے کریر کا آغاز کریں گے۔ ورلڈ کپ میں دنیش کارتک جو کہ ٹیم کا حصہ تھے، انہیں سلیکٹروں نے موقع نہیں دیا ہے۔ ہندوستانی سلیکٹروں نے دھونی کی جانب سے سبکدوشی کا اعلان نہ کئے جانے کے باوجود مستقبل کی طرف دیکھتے ہوئے بائیں ہاتھ کے جارحانہ وکٹ کیپر بیٹسمین ریشپھ پنت کو موقع دیا ہے اور اس طرح واضح ہوچکا ہے کہ جہاں عنقریب دھونی اپنی سبکدوشی کا اعلان کریں گے، وہیں ریشپھ پنت سلیکٹروں کی نظر میں وکٹ کیپنگ کیلئے پہلی پسند ہوں گے۔