لندن : برطانوی شہزادہ ہیری نے کہا ہے کہ والد اور بھائی سے تعلقات کے حوالے سے میرے پاس ایک اور کتاب لکھنے کا کافی مواد موجود ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی اخبار کو انٹریو دیتے ہوئے شہزادہ ہیری نے کہا کہ میری شائع ہونے والی کتاب پہلے 800 صفحات کی تھی لیکن اب یہ 400 صفحات کی ہے، یہ 2 کتابیں بھی ہوسکتی تھیں۔ شہزادہ ہیری نے کہا کہ خاص طور پر بھائی اور میرے درمیان بہت سی چیزیں ہوئیں جبکہ والد کے ساتھ بھی کچھ حد تک معاملات ہوئے جنہیں میں دنیا کو بتانا نہیں چاہتا کیونکہ مجھے نہیں لگتا کہ پھر وہ مجھے کبھی معاف کریں گے۔ دوسری جانب شہزادہ ہیری کی کتاب میں کیے گئے انکشافات اور انٹرویوز پر شاہی خاندان نے اب تک خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ برطانوی شہزادے ہیری کی کتاب، اسپیر (Spare) منگل کو شائع ہوئی تھی جس میں انہوں نے شاہی خاندان، اپنے والد اور بھائی سے متعلق کئی انکشافات کیے ہیں۔ یاد رہے کہ شہزادہ ہیری 2020 میں شاہی اعزازات چھوڑ کر اہلیہ میگھن مارکل کے ہمراہ امریکہ چلے گئے تھے۔