دونوں شہروں اور بیشتر اضلاع میں آئندہ ہفتے بارش کا امکان

   

18 مارچ سے 24 مارچ تک بارش ہوسکتی ہے ۔ عوام کو گرمی سے راحت ملنے کی امید

حیدرآباد۔15۔مارچ(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد و تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں آئندہ ہفتہ سے بارش کے امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات کی تفصیلات کے مطابق شہر و نواحی علاقوںمیں 18 مارچ سے بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جو کہ 21 یا 24 مارچ تک جاری رہ سکتا ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائیٹی کے مطابق دونوں شہروں اور کئی اضلا ع میں درجہ حرارت میں اضافہ اور دھوپ کی تمازت میں اضافہ کے بعد شدت گرما کے سبب ہونے والی بارش کے امکانات پیدا ہونے لگے ہیں اور آئندہ 48 گھنٹوں میںموسم میں تبدیلی کے بعد آئندہ ہفتہ سے ریاست میں ہلکی اور تیز بوندا باندی اور بارش ریکارڈ کی جاسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتہ کے آغاز سے ہی ریاست میں موسم کی شدت میں کمی ریکارڈ کی جائے گی اور گرمی سے بڑی حد تک راحت کا امکان ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائیٹی کی جانب متعلقہ محکمہ جات کو جاری تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ ریاست کے بیشتر اضلاع عادل آباد‘ نرمل ‘ میدک ‘ نظام آباد‘ کے علاوہ شہر کے علاوہ میڑچل ۔ ملکا جگری میں بھی ہلکی اور تیز بارش کے امکانات ہیں۔ دونوں شہروں میںدرجہ حرارت میں اضافہ کے نتیجہ میں دونوں شہروں میں گذشتہ تین یوم سے گرمی کی شدت میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے اور دن کے ساتھ رات کے اوقات میں بھی درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے جس کے نتیجہ میں رات کے اوقات میں بھی گرمی کی شدت محسوس کی جا رہی ہے۔3