آئندہ دو یوم بھی شہر و اضلاع میں بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔16۔ مئی ۔(سیاست نیوز) شہرکے بیشتر علاقوں میں گذشتہ شب اور جمعہ کی علی الصبح بارش سے موسم خوشگوار رہا اور درجہ حرارت میں کمی آئی ۔ شہر اور نواحی علاقوں میں بارش کے سبب ایسا محسوس ہونے لگا تھا کہ مانسون کی آمد ہوچکی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو یوم بھی شہرو اضلاع میں بارش کے امکانات ہیں جبکہ بعض اضلاع میں گرمی رہے گی ۔ بیشتر اضلاع میں گذشتہ شب اور صبح کی اولین ساعتوں میں بارش سے دن 10 بجے تک گرمی کا احساس نہیں رہا لیکن اسکے بعد گرمی کی شدت میں معمولی اضافہ ہوا ۔ بارش کے بعد آج درجہ حرارت 36 ڈگری ریکارڈ کیاگیا ۔ گذشتہ شب سے صبح تک بارش کے دوران لنگر حوض میں سب سے زیادہ 58ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ راجندر نگر میں 57.3 ملی میٹر بارش ہوئی ۔ بہادر پورہ میں 46ملی میٹر جبکہ کشن باغ میں 43 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔چندرائن گٹہ ‘ فلک نما‘ کنچن باغ ‘ بندلہ گوڑہ ‘ قطب اللہ پور‘ شیخ پیٹ ‘ بالا نگر ‘ کوکٹ پلی ‘ نامپلی ‘ بشیر باغ ‘پنجہ گٹہ ‘ سوماجی گوڑہ اور دیگر علاقوں میں بھی گذشتہ شب ہلکی اور تیز بارش ہوئی ۔ ماہرین کا کہناہے کہ موسم گرما کے اواخر میں ایسی بارشیں شہریوں کیلئے راحت کا سبب ہے لیکن کسانوں کو بارش سے نقصان پہنچ رہا ہے ۔ بارش کے دوران تیز ہوائیں نہ ہونے سے کوئی نقصان نہیں ہوا ۔بتایا جاتا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے قبل از وقت مانسون کی پیش قیاسی اور بارش کی پیش قیاسی کے بعد کئی اضلاع میں زرد الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔3