دو خواتین کی زخمی حالت میں نعشیں دستیاب ‘ لنگر حوض علاقہ میں سنسنی

   

حیدرآباد ۔ /22 جنوری (سیاست نیوز) علاقہ لنگر حوض میں آج شام اس وقت سنسنی پھیل گئی جب دو نامعلوم خواتین کی نعشیں زخمی حالت میں دستیاب ہوئی ۔ پولیس کے بموجب 40 تا 45 سالہ عمر کی دو خواتین کی نعشیں موسیٰ ندی سے برآمد ہوئی ہیں ۔ نعشوں کی موجودگی پر مقامی عوام نے پولیس کو اطلاع دی جس کے نتیجہ میں پولیس لنگر حوض کی ایک ٹیم وہاں پہونچ کر کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا ۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ مقتول خواتین کے سر پر تیز شئے سے حملہ کرکے قتل کیا گیا ہے اور ان کی نعشوں کو موسیٰ ندی میں پھینک دیا گیا ۔ پولیس لنگر حوض نے اس سلسلے میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور علاقہ کے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی جارہی ہے ۔