دو ریاستی حل کیلئے عالمی محاذ تشکیل دیا جائے: فلسطینی وزیر اعظم

   

غزہ: فلسطینی وزیر اعظم محمد اشتیہ نے کہا ہیکہ غزہ پٹی یا مغربی کنارے کے جزوی حل کے بارے میں بات کرنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے ایک مخصوص ٹائم ٹیبل کے اندر دو ریاستی حل کے حصول کیلئے بین الاقوامی محاذ کی تشکیل پر زور دیا۔اشتیہ نے فلسطینی عوام کے ساتھ یگانگت کے عالمی دن کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب میں مزید کہا کہ ہم دو ریاستی حل کے حصول کیلئے ایک بین الاقوامی محاذ چاہتے ہیں۔ یہ محاذ ریاست فلسطین کی زمینوں پر اسرائیل کے غیرقانونی قبضے کو ختم کرنے کیلئے ایک ٹائم فریم کے تحت کام کرے۔ فلسطینی وزیر اعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غزہ یا مغربی کنارے کیلئے جزوی حل کے بارے میں بات کرنا ممکن نہیں ہے۔ حل جامع اور مربوط ہونا چاہیے، جس میں غزہ اور مغربی کنارے، بشمول یروشلم اور پناہ گزینوں کی واپسی کا حق ہونا چاہیے۔ محمد اشتیہ نے غزہ میں جبری نقل مکانی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم غزہ کی پٹی سے اپنے بچوں کی جبری نقل مکانی کو نہیں، غزہ کی پٹی کے کچھ حصوں پر اسرائیلی قبضے کو نہیں اور بفر زونز کا قیام نہیں چاہتے۔ انہوں نے جنگ بندی، غزہ کی پٹی میں امداد کی ترسیل اور اسرائیل کو ایک ’’قابض ریاست‘‘ کے طور پر انسانی امداد کی فراہمی اور پٹی میں تمام گزرگاہوں کو کھولنے کا ذمہ دار ٹھہرانے کا بھی مطالبہ کیا۔