دو نئے اضلاع نارائن پیٹ اور ملگ کے کلکٹریٹس کا افتتاح

   

حیدرآباد ۔ 17 / فبروری ( پی ٹی آئی) تلنگانہ میں اتوارکو مزید دو نئے اضلاع نارائن پیٹ اور ملگ کاقیام عمل میں آیا جس کے ساتھ ہی اس ریاست میں اضلاع کی مجموعی تعداد 33 ہوگئی ۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراو نے اپنے انتخابی وعدہ کے مطابق ان دو نئے اضلاع کے قیام کا عمل شروع کرنے کے لئے ڈسمبر 2018 میں متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت کی تھی ۔ ضلع محبو ب نگر سے نارائن پیٹ اور ضلع جیا شنکربھوپلی پلی سے ملگ کی تشکیل عمل میں آئی ۔ تلنگانہ میں قبل ازیں 31 اضلاع تھے ۔ محبوب نگر کے ڈسٹرکٹ کلکٹر ڈی رونالڈ راس انچارج نارائن پیٹ اور بھوپلاپلی کے کلکٹر وینکیٹشورولو انچارج ملگ نے دونوں نو تشکیل شدہ اضلاع میں کلکٹریٹس کا افتتاح کیا ۔ 2 ؍ جون 2014 کو ملک کی 29 ویں ریاست کی حیثیت تلنگانہ کا قیام میں آیا تھا ۔ اس وقت یہ ریاست صرف 10 اضلاع پر مشتمل تھی ۔ تلنگانہ میں 2016 میں 21 نئے اضلاع کا قیام عمل میں آیا ۔