کونڈاگاؤں : چھتیس گڑھ کی کونڈاگاؤں پولیس نے ایک ٹرک سے تقریباً دو کروڑ روپے کی صندل کی لکڑی ضبط کی ہے ۔ اسے آندھرا پردیش اور اڈیشہ کے راستے مہاراشٹر کے ناگپور لے جایا جا رہا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق کل قومی شاہراہ 30 پر مردپال تیراہے کے قریب گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران ایک ٹرک کو روکا گیا۔ تلاشی کے دوران ٹریک سے 985 کلو صندل کی لکڑی ضبط کی گئی جس کی تخمینہ قیمت 2 کروڑ روپے بتائی گئی ہے ۔ پولیس نے ملزم سے ادرک کے 20 تھیلے بھی برآمد کئے ۔ ان ادرک کی بوریوں کے نیچے صندل کی لکڑی دبی ہوئی تھی۔ اس کے ساتھ ملزم سے 80 ہزار نقدی بھی برآمد ہوئی ہے ۔گاڑی میں سوار چار مسافروں بشمول عبدالعزیز، سید پرویز، جینت این اور سنجیت بارا کو گرفتار کیا گیا۔