دھرانی پورٹل کے نقائص دور کرکے نئے ریوینیو قانون کا نفاذ: سرینواس ریڈی

   

سرکاری اراضیات کا تحفظ کیا جائے، ڈپٹی کلکٹرس اور اسپیشل گریڈ ڈپٹی کلکٹرس کی کانفرنس سے وزیر مال کا خطاب
حیدرآباد۔/6 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں سے دھرانی پورٹل اور آر او آر قانون کے ذریعہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کرتے ہوئے حکومت نے نئے ریوینیو قانون 2024 کی تیاری کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے قانون کے ذریعہ دھرانی پورٹل میں عوام کو پیش آئی دشواریوں کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دھرانی پورٹل کے ذریعہ کسانوں اور عوام کو کئی ایک مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کانگریس حکومت نے دھرانی پورٹل منسوخ کرتے ہوئے نیا ریوینیو قانون نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرینواس ریڈی آج حیدرآباد میں ڈپٹی کلکٹرس اور اسپیشل ڈپٹی کلکٹرس کی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ ریاست کے 272 اسپیشل گریڈ ڈپٹی کلکٹرس اور ڈپٹی کلکٹرس نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر مال نے کہا کہ عوام نے جن توقعات کے ساتھ کانگریس کو اقتدار عطا کیا ہے انہیں پورا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور ڈپٹی کلکٹرس اور ریوینیو حکام کو اہم رول ادا کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر دیہات کیلئے ایک ریوینیو آفیسر کا تقرر کیا جائے گا۔ نئے ریوینیو قانون کے نفاذ سے قبل عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق حکومت نے ریوینیو سسٹم کو تباہ کردیا اور عوام کو ریوینیو خدمات سے دور کردیا تھا۔ وزیر مال نے کہا کہ نلگنڈہ میں ترملگیری اور رنگاریڈی ضلع میں یاچارم میں پائیلٹ پراجکٹ کے تحت نئے ریوینیو قانون پر عمل آوری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2020 کے ریوینیو قانون میں خامیوں کی عوام نے نشاندہی کی ہے۔ وزیر مال نے کہا کہ ایک منڈل میں سروے کے دوران 4380 ایکر اراضی میں 1300 ایکر اراضی کے دستاویزات میں خامیاں پائی گئی ہیں۔ وزیر مال نے ڈپٹی کلکٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ سرکاری اراضیات کے تحفظ کیلئے اقدامات کریں۔ عدالتوں میں زیر دوران مقدمات کی یکسوئی کیلئے لیگل ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ وزیر مال نے کہا کہ محکمہ مال کی بہتر کارکردگی سے حکومت کی نیک نامی ہوسکتی ہے۔ سرکاری اسکیمات پر موثر عمل آوری میں ضلعی سطح پر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارش اور سیلاب کے متاثرین کی امداد میں محکمہ مال کا رول قابل ستائش رہا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے 17 ریوینیو عہدیداروں کو آئی اے ایس عہدہ پر ترقی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریوینیو ملازمین اور عہدیداروں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے حکومت اقدامات کرے گی۔ پرنسپل سکریٹری ریوینیو نوین متل نے کہا کہ 3.50 لاکھ دھرانی درخواستوں کی جانچ مکمل کرلی گئی ہے۔ انہوں نے ریوینیو قانون میں اصلاحات کیلئے حکومت کی مساعی کا ذکر کیا۔ کئی اضلاع کے کلکٹرس نے اجلاس میں شرکت کی۔1