دھرم تلہ میں سی اے اے کیخلاف رات بھر احتجاج

   

کلکتہ 22جنوری(سیاست ڈاٹ کام)شہریت ترمیمی ایکٹ،این آر سی اور این پی آر کے خلاف کلکتہ کے دھرم تلہ میں رات بھر ہزاروں افراد نے احتجاج کیا ہے ۔جب کہ کلکتہ کے پارکس سرکس میدا ن میں بھی بڑی تعداد میں خواتین احتجاج کررہی ہیں۔کلکتہ کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ آکر کلکتہ کارپوریشن کے ہیڈکوارٹر کے باہر کر احتجاج کررہے ہیں۔احتجاج میں شرکت کرنے والوں میں بڑی تعداد میں طلباء، اساتذہ اور دیگر پروفیشنل سے وابستہ افراد ہیں۔یہ لوگ یہاں کل دوپہر سے ہی بیٹھے ہوئے ہیں۔تالتہ علاقے کے رہنے والے محمد فیروز نے بتایا کہ فاششٹ نریندر مودی نے لوگوں کو تقسیم کرکے ملک کی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہے ۔رخسانہ حمید نامی طالبہ نے کہاکہ مودی تکبر میں مبتلا ہیں اور اسی وجہ سے وہ ملک بھر میں جاری احتجاج پرتوجہ دینے کو تیار نہیں ہیں۔رخسانہ نے کہا کہ میں امیت شاہ کے بیان کو سن کر حیران ہوں کہ وہ احتجاج کو درکنا رکرتے ہوئے شہریت ترمیمی ایکٹ کو واپس نہیں لینے کا اعلان کررہے ہیں۔این آر سی مخالف جوائنٹ فارم کے کنوینر رتن باسو مجمدار نے کہا کہ یہ احتجاج جاری رہے گا۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے آج شہریت ترمیمی ایکٹ پر فوری روک لگانے سے انکار کرتے ہوئے چار ہفتے میں مرکزی حکومت سے جواب طلب کیا ہے ۔