دھنیے کے بیج امراضِ قلب سے بچنے کیلئے مفید

   

راک ویلی: عالمی سطح پر لوگوں کو درپیش صحت کے مسائل میں سے ایک بڑا مسئلہ کولیسٹرول کا ہے۔ دنیا بھر میں ہر سال تقریباً 44 لاکھ اموات کولیسٹرول کی وجہ سے واقع ہوتی ہیں، اب ایک نئی تحقیق میں دھنیے کے بیج کولیسٹرول ختم کرنے اور دل کے لیے مفید ثابت ہوئے ہیں۔کولیسٹرول کے زیادہ ہونے کا مطلب خون میں چکنائی کی زیادتی ہونا ہے۔ اگر اس سے نہ نمٹا جائے تو یہ شریانوں کو بند کرتے ہوئے امراضِ قلب اور فالج کا سبب بن سکتا ہے۔کولیسٹرول کی زیادتی عموماً چکنائی سے بھرپورغذا، ناکافی ورزش اور زیادہ وزن اور تمباکو نوشی کی وجہ سے ہوتی ہے۔ کسی شخص کو اس حالت کا سامنا جینیاتی طور پر بھی ہوسکتا ہے تاہم متعدد مطالعات کے مطابق ایک جڑی بوٹی ایسی ہے جس میں صحت کو بہتر بنانے کی صلاحیت موجود ہوتی ہے۔محققین کو تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ دھنیے کے بیج جسم میں کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے کے ساتھ قلبی امراض کے خطرات کو بھی کم کرتے ہیں۔بھارت کی شری رام چندرا یونیورسٹی کی ایک ٹیم کے تحقیقی مقالے میں بتایا گیا ہے کہ دھنیے کے بیج مضر کولیسٹرول اور چکنائی کو کم کرسکتے ہیں۔مقالے میں بتایا گیا کہ تجربے میں جب جانوروں کو دھنیے کے بیج کھلائے گئے تو ان کے ٹشوز میں موجود کولیسٹرول اور چکنائی کی سطح میں واضح کمی آئی۔مقالے میں یہ بھی بتایا گیا کہ جانوروں میں مضر کولیسٹرول میں کمی کے ساتھ مفید کولیسٹرول میں اضافہ بھی دیکھا گیا۔