دھونی کا ورلڈ کپ میں اہم کردارہوگا:روہت

   

سڈنی۔ 10جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی محدود اوور فارمیٹ ٹیم کے نائب کپتان روہت شرما نے وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انگلینڈ میں اس سال ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ میں ٹیم کے لئے ان کا تجربہ اہم کردار ادا کرے گا۔37 سالہ دھونی آسٹریلیا کے خلاف12 جنوری کو شروع ہونے والی محدود اوورکی سیریز کے لیے ہندستانی ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں۔ اس وقت وہ خراب فارم سے گزر رہے ہیں جس سے ٹیم میں ان کے کردارپر سوال اٹھنے لگے ہیں لیکن روہت نے دھونی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تجربہ ٹیم کے لئے انتہائی خاص ہے ۔ روہت نے یہاں پریس کانفرنس میں کہاکہ گزشتہ چند برسوں میں ہمیں اس بات کا احساس ہو گیا ہے کہ ڈریسنگ روم میں اور میدان پر ان کی موجودگی کے کیا معنی ہیں۔ جب وہ ٹیم میں ہوتے ہیں تو ایک مختلف قسم کا ماحول ہوتا ہے جو بہت ضروری ہے ۔ ان کے ہونے سے کپتان کو بھی مدد ملتی ہے کیونکہ وہ اسٹمپس کے پیچھے کھڑے رہتے ہیں۔ روہت نے دھونی کے تجربے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہاکہ دھونی نے کئی مرتبہ ہندستانی ٹیم کی کپتانی کی ہے اور کامیاب بھی رہے ہیں۔ ان کی ٹیم کے ساتھ موجودگی ہی ہمارے لئے سب سے اہم ہے کیونکہ ان کے پاس بے پناہ تجربہ ہے ۔ وہ ٹیم کے رہنما کا کردار ادا کریں گے ۔دھونی کو ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا سیریز کے لیے ٹوئنٹی 20 ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا لیکن آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز کے لیے ان کی ہندستانی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔ سابق ہندوستانی کپتان نے آخری مرتبہ تقریبا ایک سال پہلے سری لنکا کے خلاف ونڈے کھیلا تھا لیکن روہت کے بیان سے انگلینڈ میں30 مئی کوشروع ہونے والے ورلڈ کپ میں دھونی کے کردارکے متعلق مثبت علامات ہیں۔نائب کپتان نے کہاکہ دھونی نچلے آرڈر پر بیٹنگ کرتے ہیں اور وہ بہترین فنشرز میں شامل ہیں۔ انہوں نے ٹیم کے لئے کئی میچوں کو فیصلہ کن سطح تک پہنچایا ہے ۔ ان کا پرسکون مزاج،مشورہ اور وہ جس طرح سے سوچتے ہیں وہ قابل تعریف ہے اور ہمارے لیے بہت ضروری ہے ۔