دھونی کی فوجی کیمپ میں شرکت

   

نئی دہلی ۔21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے خود پر ہونے والی تنقید کے باوجود بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان نہیں کیا بلکہ انہوں نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے عدم دستیابی ظاہر کی ہے اور وہ فوج کے کیمپ میں شرکت کریں گے۔ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کے بعددھونی پر سبکدوشی کا دباؤ بڑھ گیا ہے اور میگا ایونٹ میں سست بیٹنگ کی وجہ سے سابق کپتان کو تنقید کا سامنا ہے۔ سنگھ دھونی ناصرف اب پہلے جیسی بیٹنگ کی صلاحیت سے محروم ہو گئے ہیں جبکہ ٹیم انتظامیہ اگلے ورلڈ کپ کے لیے ٹیم تیارکرنا چاہتا ہے اور اسی وجہ سے دھونی کو مستقبل میں بھی ونڈے ٹیم کا حصہ بنائے جانے کا امکان نہ کے برابر ہے۔رپورٹس کے مطابق سلیکٹرز کی جانب سے ہندوستانی ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز کے بارے میں سوچ بچار سے قبل ہی دھونی نے بورڈ کو مطلع کردیا ہے کہ وہ ٹیم کو دو ماہ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ دھونی فوج کی رجمنٹ میں شرکت کریں گے اور اگلے دو ماہ تک اپنا بیشتر حصہ فوج کے ساتھ گزاریں گے۔یاد رہے کہ دھونی ہندوستانی فوج کے ایک مخصوص دستے میں اعزازی لیفٹننٹ کرنل کا درجہ رکھتے ہیں اور اسی عہدے کے ساتھ رجمنٹ میں شرکت کریں گے۔بی سی سی آئی کے سینئر عہدیدار کے مطابق دھونی اس وقت کرکٹ سے سبکدوش نہیں ہو رہے تاہم انہوں نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے عدم دستیابی ظاہر کی ہے کیونکہ وہ آئندہ دو ماہ پیرا ملٹری رجمنٹ کے ساتھ گزاریں گے۔ دھونی 2014 میں ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہو ئے لیکن ونڈے اور ٹی20کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔