دھوپ کا اثر، پوچارم پراجکٹ خشک ہو رہا ہے

   

آبی ذخائر میں روزآنہ کمی تشویشناک ، مستقبل کیلئے منصوبہ بندی ضروری

یلاریڈی /17 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) منڈل ناگی ریڈی پیٹ اور یلاریڈی منڈل کے شعبہ زراعت کا اہم آبی پراجکٹ اپنی سطح آب کھو رہا ہے ۔ فی الوقت پراجکٹ میں آب اختتامی مراحل میں ہے ۔ پراجکٹ کی ذخیرہ آب کی صلاحیت 1.820 ٹی ایم سی ہے اور موجودہ ذخیرہ آب پراجکٹ میں صرف 0.156 ٹی ایم سی ہے ۔ اس سال عہدیداروں نے خریف اور ربیع کی فصلوں کو دو مرتبہ پراجکٹ سے پانی سربراہ کیا تھا ۔ گذشتہ سال اطمینان بخش بارش سے پراجکٹ کی آبی سطح مکمل لبریز ہوگئی تھی ۔ موسم بارش میں ناگی ریڈی ، یلاریڈی منڈلوں سے تعلق سرکاری حساب کے تحت 10500 ایکڑ اراضیات کو کاشت کا پانی چھوڑنا ہے ۔ لیکن غیر سرکاری حساب کے تحت تقریباً 17 ہزار ایکڑس اراضیات کو پراجکٹ سے پانی چھوڑا گیا ۔ اس طرح ربیع سیزن میں پراجکٹ حدود کے بی زون کا علاقہ یلاریڈی کی زراعت کو کاشت کیلئے پانی دیا گیا ۔ اب گرمائی فصلیں ہاتھ آئی ہیں اور پراجکٹ کا پانی قریب الختم ہے ۔ اس کے علاوہ منڈل ناگی ریڈی پیٹ مستقر پر اگادی تہوار کے موقع پر پوچماں جاترا میں بھکتوں کو پانی نہانے کیلئے سہولت کی خاطر پراجکٹ کی بڑی کنال سے پانی چھوڑا گیا اور بھکتوں کو پانی کی معقول سہولت فراہم کی گئی اور اب پراجکٹ کی آغوش پانی سے تیزی سے خالی ہو رہی ہے ۔ ابھی موسم گرما شباب پر نہیں آیا پھر بھی پراجکٹ سے پانی غائب ہو رہا ہے ۔ موسم گرما کی شدت اور آبی ذخائر کا اس طرح پانی سے خالی ہونا انسانی زندگیوں کیلئے مستقبل کیلئے سوالیہ نشان ہے ؟ شدت کی دھوپ بھی پراجکٹ کے آب کو روزآنہ کم کرتے آرہی ہے ۔ جو کسی تشویش سے کم نہیں ۔ آبی ذخائر کا بے جا استعمال مستقبل کیلئے خطرہ بن سکتا ہے ۔ جس کو وقت سے قبل محسوس کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔