دہشت گردوں سے نمٹنے فوج کو مکمل آزادی : وزیراعظم مودی

,

   

پلواما حملے کے ذمہ داروں کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی ۔ سلامتی سے متعلق کابینی کمیٹی کے اجلاس میں صورتحال پر غور

نئی دہلی 15 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کو یہ انتباہ دیتے ہوئے کہ وہ پلوامہ میں سی آر پی ایف قافلہ پر کئے گئے حملوں پر عمل درآمد کرواتے ہوئے ہندوستان کو کمزور نہیں کرسکتا وزیر اعظم نریندرمودی نے آج کہا کہ اس حملے کیلئے جو کوئی بھی ذمہ دار ہیں انہیں اس کی بھاری قیمت چکانی پڑیگی ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے نمٹنے کے معاملہ میں سکیوریٹی فورسیس کو کھلی چھوٹ دی جا رہی ہے ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ ہندوستان خرافات کو برداشت نہیں کرسکتا سکیوریٹی سے متعلق کابینی کمیٹی کا ایک اجلاس آج صبح منعقد ہوا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کو تجارت کے معاملہ میں جو انتہائی پسندیدہ ملک کا موقف دیا گیا ہے اس سے دستبرداری اختیار کرلی جائے گی ۔ وندے بھارت ٹرین 18 کو جھنڈی دکھاکر روانہ کرنے کی تقریب میں سخت الفاظ پر مشتمل اپنی تقریر میں وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کا خون کھول رہا ہے ۔ جو طاقتیں پلوامہ میں ہوئے حملے کے پس پردہ کار فرما ہیں انہیں اس کی بھاری قیمت چکانی پڑیگی انہیں سزا دی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ سکیوریٹی فورسیس کو مکمل آزادی دی گئی ہے ۔ عوام کا خون کھول رہا ہے ۔ ہمارے پڑوسی ملک کو پہلے ہی بین الاقوامی سطح پر یکا و تنہا کردیا گیا ہے ۔ وہ سمجھتا ہے کہ اس طرح کے دہشت گردانہ حملوں سے ہمیں عدم استحکام کا شکار کیا جاسکے گا تاہم ان کے منصوبے کامیاب نہیں ہونگے ۔ جمعرات کو کشمیر کے پلوامہ ضلع میں جو سرینگر کے مضافات میں واقع ہے سی آر پی ایف کے ایک قافلہ پر حملہ کیا گیا تھا ۔ دھماکو مادوں سے لدی ایک گاڑی قافلہ میں گھسا کر دھماکہ کردیا گیا تھا جس میں جملہ 40 سی آر پی ایف جوان ہلاک ہوگئے تھے۔ حالیہ برسوں میں یہ ہندوستانی سکیوریٹی فورسیس پر کیا گیا ہلاکت خیز حملہ تھا ۔ سلامتی سے متعلق کابینی کمیٹی اجلاس کیبعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہا کہ اس حملے کے خاطیوں کو کیفر کردار تک پہونچانے اور انہیں سزائیں دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔ سلامتی سے متعلق کابینی کمیٹی اجلاس کے بعد روئیداد سے میڈیا کو واقف کروانے کی روایت نہیں رہی تھی تاہم موجودہ حالات میں ایسا کیا گیا ہے ۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ جو لوگ دہشت گردوں اور کل ہوئے حملہ کے ذمہ داروں کی مدد کر رہے ہیں اور ان کو تقویت پہونچا رہے ہیں انہیں اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی ۔ مسٹر جیٹلی نے کہا کہ وزارت خارجہ کی جانب سے پاکستان کو عالمی سطح پر یکا و تنہا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور اس سلسلہ میں تمام سفارتی کوششوں کو استعمال کیا جائیگا ۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ آج جمعہ ہی کو کشمیر کا دورہ کرنے والے ہیں اور امکان ہے کہ وہ ہفتے کو ایک کل جماعتی اجلاس طلب کرینگے جس میں سیاسی جماعتوں کو کل کے واقعہ کی تفصیل سے واقف کروایا جائیگا تاکہ ساری قوم اس مسئلہ پر ایک زبان میں بات کرسکے ۔ مودی نے کہا کہ وہ پلوامہ حملے کے شہیدوں کے افراد خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہیں ۔ جو لوگ اس حملے کیلئے ذمہ دار ہیں انہیں اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جن ممالک اور اقوام نے اس حملے کی مذمت کی ہے ان سے بھی وہ اظہار تشکر کرتے ہیں۔ ان ممالک سے اپیل بھی کرتے ہیں کہ وہ دہشت گردی کو متحدہ کوششوں سے کچلنے آگے آئیں۔