دہشت گردوں کے خلاف جنگ کو انجام تک پہنچایا جائے گا : وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ 

,

   

سری نگر : مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ وادی کشمیر میں ایسی طاقتیں سرگرم ہیں جو پاکستان اور اس کے خفیہ ادارہ ’’ آئی ایس آئی ‘‘ سے پیسے لیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ریاستی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ انہیں سرکارکی طرف سے فراہم کردہ سکیورٹی کا جائزہ لیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ طاقتیں جموں و کشمیر کی عوام بالخصوص نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے ۔

وزیر داخلہ نے ہلاکت خیز حالات میں امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے ۔ وزیر داخلہ جمعہ کے دن یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطحی سیکوریٹی میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ سری نگر ۔ جموں قومی شاہراہ پر فورسز کی کاوائے کے دوران سویلین ٹریفک کو روکا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عام شہریوں کو ہونے والی پریشانی کیلئے ہمیں افسوس ہے ۔

مسٹر سنگھ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری مرحلہ میں داخل ہوچکی ہے او راس کو ہر حال میں اپنے انجام تک پہنچایا جائیگا ۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان کی سیکوریٹی فورسز کے حوصلے بلند ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان کے منصوبوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان او رآئی ایس آئی سے رقم لینے والی کچھ طاقتیں یہاں سرگرم ہیں ۔